• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں میں شدید جھڑپیں

Updated: May 17, 2024, 9:58 AM IST | Agency | Mumbai

۵؍اسرائیلی فوج ہلاک، یوم نکبہ پر فلسطینیوں نے جگہ جگہ مظاہرے کئے۔ شمالی غزہ اور رفح میںاسرائیلی حملوں میں۶۰؍فلسطینی شہید ہوئے۔

On the occasion of Nakba Day, Palestinians in Nablus, West Bank, took to the streets and protested against Israeli atrocities. Photo: INN
یوم نکبہ کےموقع پر مغربی کنارہ کے نابلس میں فلسطینیوں نے سڑکوں پر نکل کر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ تصویر : آئی این این

اسرائیلی فوج کے شمالی غزہ اور رفح میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی فوج کے حملوں کے نتیجے میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں میں مزید۶۰؍ سے زیادہ فلسطینی شہید جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے غزہ شہر میں شہریوں کے مجمع پر بھی میزائل گرائے جس سے کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اسرائیلی حملوں کا ردعمل میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جوابی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ واضح رہے کہ۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء سے اب تک غزہ پر اسرائیل کے سفاکانہ حملوں کے نتیجے میں کم از کم۳۵؍ ہزار ۲۳۳؍ افراد شہید اور۷۹؍ ہزار۱۴۱؍ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، شہید اور زخمیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے جبکہ غزہ میں  اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔ 
یوم نکبہ کے چشم دید نے کہاایسی تباہی میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھی تھی
 فلسطینیوں نے غزہ میں جاری تنازعات کے سائے میں یوم نکبہ منایا۔ غزہ، مغربی کنارہ اور دیگر علاقوںمیں فلسطینیوں نے اس موقع پر اسرائیلی مظالم اور قبضے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ خیا ل رہے کہ اس دن دنیا بھر میں موجود فلسطینی اپنے آبائی علاقوں کو لوٹنے کے حق کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ۱۹۴۸ء میں اسرائیلی ریاست کے قیام کے موقع پر لاکھوں فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کردیا گیا تھا۔ ۱۹۴۸ء میں نکبہ والے دن بچ جانے والے۸۰؍ سالہ ام محمد کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے اس دن سے بڑی کوئی آفت نہیں ہوسکتی، غزہ آنے سے پہلے میں نے اپنے زندگی کا زیادہ عرصہ جنوبی قصبے بیرشیبہ میں گزرا اور اب جنوبی شہر رفح میں ایک خیمے میں رہائش پزیر ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ میں تقریباً۸۰؍ سال سے یہاں ہوں لیکن ایسی تباہی میں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی جس میں ہمارے گھر چلے گئے، ہمارے بچے، ہماری جائیدادیں، زمینیں تک چلی گئیں، یہاں تک کہ ہمارا سونا اور آمدنی بھی محفوظ نہیں رہی، اب ہمارے پاس رونے کے سوا کیا رہ گیا ہے۔ گزشتہ۷؍ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں غزہ میں تباہ شدہ عمارتوں اور ملبے کے سوا کچھ نہیں بچا اوراکثریت کے دل میں دوسرے نکبہ کا خوف پیدا ہوگیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت میں سماعت

حماس کا حملے میں  ۵؍اسرائیلی فوجیوں  کو مارنے کا دعویٰ
 رفح اور شمالی غزہ پر چڑھائی کرنے والی اسرائیلی فوج کی فلسطینی مزاحمت کاروں سے شدید جھڑپوں کے دوران القسام بریگیڈ نے رفح میں اسرائیلی ٹینکوں پر ڈرامائی حملے کی ویڈیو جاری کردی ہے۔ جس میں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹینک کے نیچے بارودی سرنگ نصب کر کے اور راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ حماس نے دعویٰ کیا کہ اس کے حملے میں  ۵؍اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ رائٹرز اور ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ٹینک کی فائرنگ سے پانچ فوجی مارے گئے اور ۸؍زخمی ہوئے ہیں۔ 
اسرائیلی فوج نے مزید فوجی کمک رفح کےلئے روانہ کر دی
خبر ملی ہے کہ اسرائیلی فوج نے۱۶۲؍ویں ڈویژن میں شمولیت کے لئے رفح میں ایک اضافی بٹالین فوج بھیجی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فوج مشرقی رفح میں جاری اسرائیلی فوجی آپریشن میں حصہ لے گی۔ 
جنوبی لبنان میں اسرائیل کا حملہ
 ادھر جنوبی لبنانی علاقے پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کا سینئر کمانڈر جاں  بحق ہوگیا۔ حزب اللہ نے جوابی حملے میں اسرائیل کے میرون فوجی اڈے پر درجنوں راکٹ برسا دئیے۔ یمن کے حوثی باغیوں نے بھی بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہاز پر کامیاب میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK