مارچ ۲۰۲۵ء میں ولیمز اور ولمور کو خلا میں تقریباً دس ماہ مکمل ہو جائیں گے۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 5:58 PM IST | Inquilab News Network | Washington
مارچ ۲۰۲۵ء میں ولیمز اور ولمور کو خلا میں تقریباً دس ماہ مکمل ہو جائیں گے۔
۶ ماہ سے زائد عرصے سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر پھنسے ہندوستانی نژاد امریکی خلاباز سنیتا ولیمز اور امریکی خلاباز بیری `بچ` ولمور کو زمین پر لوٹنے کیلئے مزید انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ ان کے ریسکیو مشن میں اب ایک اور رکاوٹ آ گئی ہے۔ نیشنل ایروناٹکس اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) نے منگل کو خلابازوں کی واپسی کی پرواز میں مزید تاخیر کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھئے: بشارالاسد کی مفروری کے بعد دمشق سے پہلا طیارہ حلب کیلئے روانہ
ولیمز اور ولمور کا مشن صرف آٹھ دنوں کیلئے ترتیب دیا گیا تھا لیکن اپنے خلائی جہاز میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے وہ آئی ایس ایس میں پھنس گئے ہیں۔ آئی ایس ایس تک پہنچنے کے دوران، اسٹار لائنر خلائی جہاز کے ۲۸ تھرسٹرز میں سے پانچ ناکام ہو گئے اور فروری ۲۰۲۵ء تک ان کی واپسی کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔ ولیمز اور ولمور اسپیس ایکس کے کریو-۹ ڈریگن کیپسول پر زمین پر واپس آنے والے تھے جو فروری ۲۰۲۵ء میں آنے والا تھا۔ تاہم، ناسا نے منگل کو کہا کہ کریو-۹ اور پھنسے ہوئے خلابازوں کی مدد کرنے کیلئے کریو-۱۰ کو مارچ 2025 سے قبل لانچ نہیں کیا جائے گا۔ ناسا نے کہا کہ منصوبہ میں تبدیلی سے ناسا اور اسپیس ایکس کی ٹیموں کو اس مشن کے لئے نئے ڈریگن خلائی جہاز پر کام کرنے کیلئے مزید وقت مل جائے گا۔ واضح رہے کہ مارچ ۲۰۲۵ء میں ولیمز اور ولمور کو خلا میں تقریباً دس ماہ مکمل ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: شام: جنگ کی تباہی کی علامت ماریت النعمان شہرمیں زندگی لوٹنے لگی
خلا میں طویل عرصے تک قیام کی وجہ سے سنیتا ولیمز کی صحت کے متعلق تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ کچھ ماہ قبل جاری کی گئی تصاویر میں ان کے وزن میں زبردست کمی کو نوٹس کیا گیا جس نے انٹرنیٹ کو حیرت میں ڈال دیا۔ واضح رہے کہ خلا میں ان کے میٹابولزم میں تبدیلی کی وجہ سے خلابازوں کو زمین پر موجود افراد سے دُگنا کیلوریز کھانی پڑتی ہیں۔ تاہم، ناسا کے اسپیس آپریشنز مشن ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان جمی رسل نے یقین دلایا تھا کہ اس وقت آئی ایس ایس پر موجود تمام خلاباز "اچھی صحت" میں ہیں اور "معمولی طبی جانچ" سے گزر رہے ہیں۔