• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناسک میں ایم بی اے گریجویٹ خاتون بچہ چوری کے الزام میں گرفتار

Updated: January 07, 2025, 4:03 PM IST | Nashik

شادی کے ۱۰؍ سال بعد بھی اولاد نہ ہونے سے مایوس خاتون نے ایک سال کی منصوبہ بندی اور ۲؍ ماہ کی ریکی کے بعد بچے کو چوری کیا۔

Suman Khan got her baby back.  Photo: Agency
سمن خان کو ان کا بچہ واپس مل گیا۔ تصویر: ایجنسی

حیران کن طور پر ناسک میں ایم بی اے کی ڈگری رکھنے والی ایک تعلیم یافتہ خاتون نے اسپتال سے بچہ چوری کیا جسے پولیس نے ۱۲؍ گھنٹوں کے اندر بر  آمد کر لیا اور خاتون کو گرفتار کر لیا۔ بچہ چور خاتون کی گرفتاری کےبعد جو کہانی سامنے آئی وہ کسی فلم کی کہانی سے کم نہیں۔ اطلاع کے مطابق ناسک کے ضلع اسپتال میں سمن خان نامی  حاملہ خاتون کو  داخل کیا گیا تھا۔ سمن  نے ۸؍ روز قبل ایک خوبصورت سے بچے کو جنم دیا  سنیچر کو وہ بچہ   غائب ہو گیا۔ جب سمن کو اس کا پتہ چلا تو اس نے اسپتال سرپر اٹھا لیا۔ فوری طور پر   پولیس کو خبر کی گئی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور اس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جانچ شروع کی۔ اسپتال سے لے کر ۴؍ کلومیٹر تک پولیس نے کل ۸۶؍ سی سی ٹی وی دیکھ لئے۔ بعض  سی سی ٹی وی میں ایک خاتون شلوار قمیص پہنے منہ پر دوپٹے سے نقاب باندھے بچے کو لے جاتے ہوئے دکھائی دی۔ پولیس نے یہ  فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل کیا اور عوام کو خاتون کی اطلاع   ملنے پر پولیس سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی ۔ یہ فوٹیج ایک رکشا والے نے بھی دیکھا جس نے پولیس کو فون کیا اور بتایا کہ اس نے  اس خاتون کو نمانی علاقے میں چھوڑا تھا۔   

یہ بھی پڑھئے: حیدرآباد میں ایئرپورٹ جیسی سہولتوں سے لیس چرلا پلی ریلوے ٹرمینل کا افتتاح

سینئر انسپکٹر مدھوکر کڑ کے مطابق پولیس نے نمانی علاقے میں موجود سی سی ٹی وی دیکھا تو معلوم ہوا کہ خاتون دنڈوری کی طرف گئی ہے۔ دنڈوری پہنچ کر پولیس کو خاتون کے گھر کا پتہ مل گیا اور اس کے پاس سے بچہ بھی۔ 
  خاتون   خاتون کا نام سپنا مراٹھے(۳۵) ہے اور  ایم بی اے گریجویٹ ہے۔  حال ہی میں اسے  ایک سرکاری عہدے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ شادی کے ۱۰؍ سال بعد بھی اسے اولاد کا سکھ نصیب نہیں ہے۔  دو بار اس کا حمل ساقط ہو چکا تھا۔ اس کی خواہش تھی کہ کوئی اولاد ہو جو اسے ’ماں‘ کہہ کر پکارے لیکن سپنا کو اولاد ہونے کے امکان کم نظر آ رہے تھے۔ اس نے ایک ڈرامہ رچا۔ گھر والوں کو بتایا کہ وہ حمل سے ہے۔ اور اس عرصے میں وہ اپنے گھر سے دور کسی پرسکون جگہ رہے گی تاکہ اس بار بچے کی ولادت میں کوئی دقت نہ ہو ۔ ۹؍ ماہ دور رہنےکے بعد اس نے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ اس کے وہاں لڑکا پیدا ہوا ہے۔ اور گھر والوں کو دکھانے کیلئے اس  نے ناسک کے ضلع اسپتال سے سمن خان کے بیٹے کو چوری کر لیا۔ سپنا اس کیلئے اسپتال آیا جایا کرتی تھی۔ اس نے سمن سے یہ کہہ کر دوستی کر لی تھی کہ اس کی ممانی بھی اسی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ وہ سمن کی مدد بھی کیا کرتی تھی۔ اتفاق سے ایک بچی نے اپنے موبائل میں اس کی تصویر کھینچ لی تھی۔اس تصویر کی وجہ سے پولیس اسے ڈھونڈنے میں مزید آسانی ہوئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK