• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہمیں کسی بات پر شرمندہ ہونے کی ضرورت نہیں: نوین پٹنائک

Updated: June 07, 2024, 10:23 AM IST | Agency | Bhubaneswar

اپنی پارٹی کے نومنتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ رخصت پذیر وزیراعلیٰ کی میٹنگ ،ریاست کیلئے کام کرتے رہنے کا عزم ۔

Naveen Patnaik. Photo: INN
نوین پٹنائک۔ تصویر : آئی این این

اُدیشہ کے رخصت پذیر وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد اپنے نو منتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ میں انہیں دلاسہ دیا۔ نوین پٹنائک نے کہا کہ جب انہوں نے ریاست کا چارج سنبھالا تھا تب ۷۰؍فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی تھی اور اپنے ۲۴؍ سالہ دور میں انہوں نے اسے۱۰؍ فیصد تک لایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے ڈی ریاست کیلئے کام کرتی رہے گی۔ 
 نوین پٹنائک نے کہا ’’جب میں پہلی بار وزیر اعلیٰ بنا تو ریاست کے ۷۰؍ فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے تھے۔ اب صرف ۱۰؍فیصد لوگ اس سے نیچے ہیں۔ زراعت اور آبپاشی کے شعبوں میں ہماری کوششوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی وجہ سے یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ہمیں کسی بات پر شرمندہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’آپ‘ کا کانگریس سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان

بیجو جنتا دل کے سربراہ پٹنائک نے کہا کہ ان کی پارٹی نے گزشتہ۲۴؍ سال سے ادیشہ کے لوگوں کی خدمت کی ہے اور وہ آگے بھی ریاست کیلئے کام کرتی رہے گی۔ اس سے قبل نوین پٹنائک نے اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے بعد گورنر رگھوور داس کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ ادیشہ میں بی جے پی نے ۱۴۷؍ اسمبلی سیٹوں میں سے۷۸؍ سیٹیں جیت کر اقتدار حاصل کیا ہے جب کہ بی جے ڈی۵۱؍سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کانگریس نے۱۴؍ حلقوں پر کامیابی حاصل کی اور سی پی ایم نے ایک سیٹ حاصل کی جبکہ تین آزاد امیدواربھی کامیاب رہے ہیں۔ نوین پٹنائک کا استعفیٰ ادیشہ کی سیاست میں ایک دور کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے ۵؍ مارچ ۲۰۰۰ء کو پہلی بار ادیشہ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا اور اس کے بعد سے وہ مزید چار بار منتخب ہوئے۔ بی جے ڈی ایم ایل اے ارون ساہو نے صبح نوین پٹنائک سے ملاقات کے بعد بیان دیا کہ ’’نوین پٹنائک کا دل بڑا ہے۔ انہوں نے ہم سے ریاست کے لوگوں کی خدمت کرنے کو کہا ہے۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK