• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیٖٹ امتحان تنازع:۷۰۰؍طلبہ کیلئے پیپر لیک کرنے کا انکشاف

Updated: June 26, 2024, 11:18 AM IST | Agency | New Delhi

ایک معاصرچینل نےخفیہ آپریشن انجام دیتے ہوئے بجندر گپتا نامی شخص کو تلاش کیا جس نے بتایا کہ ایک امیدوار کو۴۰؍ لاکھ روپےمیں پیپر بیچا گیا ہے، گپتا نےکچھ مہینں قبل پیپر لیک کی پیشگوئی بھی کی تھی، اسٹنگ آپریشن کے دوران اس نے کہا کہ اسے جیل جانے کا ڈر نہیں ہے، آج جیل جائیں گے، کل ضمانت مل جائے گی اور پرسوں سے پھر وہی کھیل شروع کردیں گے۔

Image taken from Bajinder Gupta`s video, made many revelations in the net exam and paper leak in the sting operation. Photo: INN
بجندر گپتا کی ویڈیو سے لی گئی تصویر،اسٹنگ آپریشن میں نیٹ امتحان اور پیپرلیک کے معاملے میںکئی انکشافات کئے۔ تصویر : آئی این این

نیٹ (این ای ای ٹی) یو جی امتحان میں بے ضابطگی اور پیپر لیک کے معاملے پر اپوزیشن پارٹیاں، خصوصاً کانگریس مودی حکومت کے خلاف زوردار انداز میں آواز اٹھا رہی ہے۔ لگاتار اس امتحان کو منسوخ کرکے دوبارہ امتحان منعقد کرانے کامطالبہ کیا جا رہا ہے۔ نیٹ کے تعلق سے شدید ہوتے ہوئے تنازع کے درمیان مختلف ریاستوں میں گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس درمیان ’آج تک‘ میڈیا ادارہ نے ’آپریشن نیٹ‘ کے نام سے ایک اسٹنگ آپریشن کیا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ نیٹ پیپر کو۷۰۰؍ اسٹوڈنٹس کیلئے لیک کرایا گیا تھا۔ ’آج تک‘ کا دعویٰ ہے کہ اس کی اسپیشل تحقیقاتی ٹیم نے اس پیپر لیک مافیہ سے جڑے شخص کو تلاش کر لیا ہے جس نے ہی کچھ ماہ قبل پیپر لیک کی پیشگوئی بھی کی تھی۔ اس کا نام بجندر گپتا بتایاجارہا ہے۔ یہ ۲۰۰؍ سے۳۰۰؍ کروڑکا ریکٹ بتایا گیا ہے۔ 
  آج تک کی ٹیم نے خفیہ کیمرے پر جب بجندر گپتا سے بات کی تو صرف نیٹ ہی نہیں، بلکہ دیگر پیپر لیک کے معاملات سے متعلق بھی کئی بڑے انکشافات ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق خفیہ کیمرے میں بجندر گپتا نے قبول کیا کہ نیٹ کا پیپر اس کے پاس امتحان شروع ہونے سے۲؍ گھنٹے پہلے آ گیا تھا۔ اسے نہ تو جیل کا خوف ہے اور نہ ہی کسی کارروائی کا خوف۔ ’آج تک‘ کا دعویٰ ہے کہ خفیہ کیمرے میں بے خوف ہو کر بجندر گپتا کہتا ہے کہ ’’جہاں تک جیل کی بات ہے تو آج جیل جائیں گے، کل ضمانت ملے گی اور پرسوں سے پھر وہی کھیل کریں گے۔ ‘‘ وہ مزید کہتا ہے کہ ’’ہمیں ڈر نہیں لگتا۔ ملک میں کوئی پولیس نہیں ہے جو بجندر گپتا کو پیپر لیک کے معاملے میں طلب کرے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں بچوں میں غذائی قلت تیزی سے پھیل رہی ہے : طبی ماہرین

قابل ذکر ہے کہ بجندر گپتا۲۰۲۳ء کے ادیشہ پیپر لیک میں ملزم ہے۔ اس کا نام بہار اور داناپور میں بی پی ایس سی پیپر لیک کی جانچ میں بھی آیا ہے۔ وہ ایم پی پی سی ایس سمیت کئی پیپر لیک میں شامل رہا ہے۔ اس نے بیدی رام کے ساتھ شروعات کی تھی جو فی الحال اتر پردیش میں رکن اسمبلی ہیں۔ بجندر گپتا سنجیو مکھیا جیسے اہم کھلاڑیوں کو جانتا ہے جو نیٹ گھوٹالہ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ وشال چورسیا سے بھی اس کا رابطہ ہے جسے حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ 
 پیپر لیک انڈسٹری میں برسوں کے تجربہ کے ساتھ بجندر گپتا کا دعویٰ ہے کہ سب نیٹ ورکنگ کا کھیل ہے۔ ’آج تک‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سنجیو مکھیا کو نیٹ پیپر لیک معاملے میں ’کِنگ پِن‘ کہے جانے پر بجندر گپتا نے بھی مہر لگائی۔ سنجیو کو پولیس تلاش کر رہی ہے، لیکن گپتا کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کو ملنے والا نہیں ہے۔ بجندر گپتا کا کہنا ہے کہ اس بار سنجیو مکھیا ۱۰۰؍ سے ۲۰۰؍ کروڑ کمانا چاہتا تھا۔ اس نے ۷۰۰؍ اسٹوڈنٹس کا کام کیا ہےیعنی۷۰۰؍ اسٹوڈنٹس کو پیپر بیچا ہے۔ 
  بجندر گپتا کے مطابق سنجیو مکھیا ایک پیپر کے بدلے۴۰؍ لاکھ روپے لیتا تھا۔ اس نے نہ صرف بہار میں بلکہ ہر ریاست میں پیپر لیک کیا اور پیسے کمائے ہیں۔ واضح رہے کہ نیٹ پیپر لیک کا ماسٹر مائنڈ سنجیو مکھیا کو لوٹن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ پیپر لیک انڈسٹری میں وہ مشہور ہے۔ پہلی بار وہ ۲۰۱۰ء میں بلو ٹوتھ ڈیوائس کا استعمال کر کے طلبہ کو نقل کرنے میں مدد کرنے کیلئے بدنام ہوا تھا۔ سنجیو کے بیٹے شیو کمار کو بی پی ایس سی لیک میں اس کے کردار کیلئے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ ابھی جیل میں ہے۔ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ شیو کمار کئی امتحان کے پیپر لیک میں شامل تھا۔ 
  ’آج تک‘ کے دعوے کے مطابق اس کی اسپیشل تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بجندر گپتا کہتا ہے کہ ’’دیکھیے، جب کچھ ہوتا ہے تبھی باجا بجتا ہے۔ ‘‘ بجندر گپتا نے نہ صرف اپنے سیاہ کارنامے کا انکشاف کیا، بلکہ این ٹی اے کی بھی قلعہ کھول کر رکھ دی۔ بجندر گپتا وہی ہے جس کا اس سال مارچ ماہ میں مبینہ طور سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہواتھا جس میں وہ نیٹ امتحان کے پیپر لیک کی پیشگوئی کر رہا تھا۔ گپتا پیپر لیک کی اندرونی جانکاری رکھنے کے لیے مشہور ہے۔ مذکورہ چینل کا دعویٰ ہے کہ پیپر لیک کا انکشاف ہونے کے بعد اس کی ٹیم نے بجندر گپتا کو بہار میں ٹریک کیا۔ 
واضح رہےکہ پیپرلیک معاملے اورنیٹ کے نتائج میںگڑی بڑی سامنے آنے کے بعدٹیچر بھرتی کیلئے لیا جانے والا نیٹ (این ای ٹی) کو منسوخ کیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ این ای ای ٹی پی جی کو ملتوی کردیاگیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK