• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیٹ پیپر لیک معاملہ: سی بی آئی نے مزید ایک ملزم کو گرفتار کیا، ۲۸؍ ویں گرفتاری

Updated: July 12, 2024, 4:25 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

گزشتہ دن سی بی آئی نے نیٹ پیپر لیک معاملے میں راکیش رنجن نامی ایک شحض کو جھارکھنڈ سے گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں یہ ۲۸؍ ویں گرفتاری ہے جبکہ صرف بہار سے ۱۰؍ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے جمعرات کو انڈر گریجویٹ قومی اہلیت کم انٹرنس ٹیسٹ (نیٹ) پیپر لیک کیس میں ایک اہم ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس شخص کی شناخت راکیش رنجن کے طور پر کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ نیٹ کے اس سال کے امتحانات کے نتائج کا ۴؍ جون کو اعلان ہونے کے بعد سوالیہ پرچہ لیک ہونے اور دیگر بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے۔ انڈرگریجویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے نیٹ امتحان ۵؍ مئی کو منعقد ہوا تھا۔
یہ گرفتاریاں مرکزی تفتیشی بیورو کی جانب سے اس ہفتے کے شروع میں بہار اور جھارکھنڈ میں تلاشی لینے کے بعد ہوئی ہیں۔ دی ہندو کی خبر کے مطابق ۳۰؍ جون کو مرکزی ایجنسی کی ایک ٹیم نے نالندہ ضلع کے ہلسا بلاک میں واقع اس کے گاؤں گگیندر بیگھا میں رنجن کے گھر کی تلاشی لی تھی۔ ایجنسی نے چیک بک، ووٹر کارڈ اور پین کارڈ سمیت کچھ دستاویزات کی نقل بھی ضبط کی۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ: ایک خاندان کی ۱۲؍ ویں مرتبہ نقل مکانی

رنجن مبینہ طور پر ایک ریکٹ چلاتا تھا جو سوالیہ پرچے لیک کرنے میں ملوث تھا۔ مبینہ طور پر اسے جھارکھنڈ سے گرفتار کیا گیا اور پھر جمعرات کو پٹنہ لایا گیا۔ملزم کو جمعرات کو ۱۰؍ دن کیلئے سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔مرکزی ایجنسی نے اس سے قبل جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں ایک اسکول کے پرنسپل اور نائب پرنسپل کو گرفتار کیا تھا۔ اس نے ہندی اخبار کے صحافی جمال الدین کے ساتھ دو افراد کو بھی گرفتار کیا ہے، جنہوں نے امتحان کے دن مبینہ طور پر ان کی مدد کی تھی۔
۲۷؍ جون کو سی بی آئی نے اسی کیس کے سلسلے میں دو افراد منیش پرکاش اور آشوتوش کمار کو بہار کے پٹنہ سے گرفتار کیا تھا۔ پرکاش نے مبینہ طور پر ایک خالی اسکول کا انتظام کیا تھا جہاں تقریباً ۲۵؍ امیدواروں نے ٹیسٹ کے لیک ہونے والے پرچے حاصل کئے اور انہیں ذہن نشین کیا۔ دی ہندو کی خبر کے مطابق، بہار پولیس، اکنامک آفنس یونٹ اور سی بی آئی نے اب تک ۲۸؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مرکزی ایجنسی نے بہار سے ۱۰؍ افراد کو گرفتار کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK