Updated: February 22, 2025, 12:00 PM IST
| Sri Nagar
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے میچ سے قبل این آئی ٹی سرینگر نے اپنے طلبہ کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں اپنے کمرے میں رہنے کی ہدایت دی، ساتھ ہی اجتماعی طور پر میچ دیکھنے سے پرہیز کرنے کو کہا ہے۔ساتھ ہی کہا کہ وہ میچ کے دوران یا بعد میں ہاسٹل کے کمرے سے باہر نہ نکلیں۔
این آئی ٹی سرینگر۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے میچ سے قبل این آئی ٹی سرینگر نے اپنے طلبہ کیلئےہدایات جاری کی،اورانھیں کھیل کو صرف ایک کھیل کی طرح لینےکی تلقین کی ہے۔ طلبہ کی بہبود کے ڈین کی جانب سے جاری نوٹس میں انتظامیہ نے طلبہ سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی پیدا نہ کریں اور میچ کے دوران اپنے مختص کردہ کمروں میں ہی رہیں۔ دوسرے طلبہ کو اپنے کمرے میں داخل ہو کر اجتماعی طور پر میچ دیکھنے کی اجازت نہ دیں۔ طلبہ کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میچ سے متعلق کوئی مواد پوسٹ نہ کریں۔ مزید برآں، طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میچ کے دوران یا بعد میں ہاسٹل کے کمروں سے باہر نہ نکلیں۔
یہ بھی پڑھئے: کیرالاہائی کورٹ: نفرت انگریزتقریر معاملے پربی جے پی لیڈر کی درخواست ضمانت مسترد
واضح رہے کہ اس سے قبل ۲۰۱۶ء میں، ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کی ویسٹ انڈیز سے شکست کے بعد کیمپس میں غیر مقامی اور مقامی طلبہ کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔ ان جھڑپوں نے ایک بحران کی صورت اختیار کرلی تھی، جس کے بعد غیر مقامی طلبہ نے مطالبہ کیا تھا کہ ادارے کو وادی سے باہر منتقل کیا جائے۔ اس واقعے کے بعد این آئی ٹی کو کئی دنوں کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔