• Wed, 01 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

صرف بارامتی نہیں بلکہ ریاست کے کئی اسمبلی حلقوں پررشتے دار ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں

Updated: November 19, 2024, 11:40 AM IST | Om Prakash Tiwari | Mumbai

اسمبلی الیکشن کے دوران سب سے زیادہ زیر بحث بارامتی کا حلقہ ہے جہاں سے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے سامنے ان کے سگے بھتیجے یوگیندر پوار الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن یہ واحد مقابلہ نہیں ہے جو ایک ہی گھر کے افراد کے درمیان ہو رہا ہے بلکہ ریاست میں کئی ایسی سیٹیں ہیں جہاں رشتے دار ایک دوسرے کے سامنے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

An old photo of Ajit Pawar and Yogendra Pawar. Photo: INN
اجیت پوار اور یوگیندر پوار کی ایک پرانی تصویر۔ تصویر : آئی این این

اسمبلی الیکشن کے دوران سب سے زیادہ زیر بحث بارامتی کا حلقہ ہے جہاں سے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے سامنے ان کے سگے بھتیجے یوگیندر پوار الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن یہ واحد مقابلہ نہیں ہے جو ایک ہی گھر کے افراد کے درمیان ہو رہا ہے بلکہ ریاست میں کئی ایسی سیٹیں ہیں جہاں رشتے دار ایک دوسرے کے سامنے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ گڈچرولی کی اہیری سیٹ پر تو باپ بیٹی کا مقابلہ ہے۔ 
  مراٹھواڑہ کے بیڑ اسمبلی حلقے سے سابق وزیر جے دت شیر ساگر آزاد امیدوار ہیں لیکن ان کے سامنے ان کو دو بھتیجے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان میں سندیپ شیر ساگر کو شرد پوار کی این سی پی نے ٹکٹ دیا ہے تو دوسرے بھتیجے یوگیش شری ساگر اجیت پوار والی این سی پی کے امیدوار ہیں۔ بیڑ ضلع ہی کی دوسری گیورائی سے شیوسینا (ادھو ) کے بادام رائو پنڈت امیدوار ہیں جبکہ ان کے سامنے ان کے بھتیجے وجے سنگھ پنڈت، این سی پی (اجیت) کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ نکسل زدہ ضلع گڈچروالی کی اہیری سیٹ پر اجیت پوار کی پارٹی سے ریاستی وزیر دھرم رائو بابا آترام امیدوار ہیں تو ان کے سامنے شرد پوار کی پارٹی نے ان کی بیٹی بھاگیہ شری آترام کو ٹکٹ دیا ہے۔ دھرم رائو آترام اپنی بیٹی کے تعلق سے یہ کہہ چکے ہیں میں نے اسے دریا میں بہا دیا ہوتا تو اچھا ہوتا۔

یہ بھی پڑھئے:پونے کار حادثے کو ۶؍ ماہ مکمل ،نوجوانوں کا کینڈل مارچ

بات صرف باپ بیٹی تک نہیں ہے بلکہ دھرم رائو کے بھتیجے امبریش رائو بھی اس سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ بی جے پی کے کوٹے سے ریاستی کابینہ میں وزیر رہ چکے ہیں۔ 
 ناگپور کی سائونیر سیٹ سے ۵؍ بار امیدوار رہ چکے کانگریس لیڈر سنیل کیدار کی بیوی انوجا کیدار اس بار الیکشن لڑ رہی ہیں۔ ان کے سامنے بی جے پی کے ٹکٹ پر آشیش دیشمکھ امیدوار ہیں جو اس سے پہلے کانگریس ہی میں تھے جبکہ ان کے سگے بھائی امول دیشمکھ آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔ یہ دونوں مہاراشٹر کانگریس کے سابق صدر رنجیت دیشمکھ کے بیٹے ہیں۔ مراٹھواڑہ کے جالنہ ضلع میں بی جے پی کے سابق ریاستی صدر رائو صاحب دانوے کی بیٹی سنجنا جادھو کنڑ سیٹ سے امیدوار ہیں۔ انہیں شیوسینا (شندے) نے ٹکٹ دیا ہے۔ ان کے سامنے انہی کے شوہر ہرش وردھن جادھو امیدوار ہیں۔ یہ دونوں میاں بیوی ایک دوسرے سے علاحدہ ہو چکے ہیں۔ ہرش وردھن جادھو اس سے قبل ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۴ء میں اورنگ آباد سے لوک سبھا الیکشن لڑ چکے ہیں۔ 
  یاد رہے کہ اس سے قبل لوک سبھا الیکشن میں شرد پوار کی بیٹی سپریہ سلے اور اجیت پوار کی اہلیہ سونیترا پوار ایک دوسرے کے سامنے الیکشن لڑ چکے ہیں۔ نند بھاوج کے اس مقابلے میں نند یعنی سپریہ سلے کی جیت ہوئی تھی۔ ان سیٹوں پر مقابلہ دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK