• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نریندر مودی کو ووٹوں کیلئے ایک بار پھر دھولیہ کے عوام پر اعتماد

Updated: November 09, 2024, 11:44 AM IST | Dhule

وزیراعظم نے کہا کہ ۲۰۱۴ء میں بھی میں نے اپنی انتخابی مہم کی شروعات دھولیہ سے کی تھی اور یہاں کے عوام نے بی جے پی کو بڑے پیمانے پر ووٹ دیا تھا، اب بھی ویسا ہی ہوگا۔

Prime Minister Narendra Modi expressed confidence that this time too the history of 2014 will be repeated. Photo: Agency
وزیراعظم نریندر مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس بار بھی ۲۰۱۴ء کی تاریخ دہرائی جائے گی۔ تصویر: ایجنسی

 جمعہ کو وزیر اعظم    نریندر مودی  جمعہ کو مہاراشٹر کے دورے پر تھے ۔ ناسک کے بعد انہوں نے پڑوسی ضلع دھولیہ میں بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔  اپنی بات کے آغاز میں  انہوں نے کہا کہ جب بھی میں نے مہاراشٹر کے عوام سے  کچھ مانگا ہے انہوں نے مجھے اپنا آشیرواد دیا ہے۔مودی نے ۲۰۱۴ء کے  الیکشن کی  یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ تب   میں دھولیہ  آیا تھا اور عوام سے بی جے پی کو کامیاب بنانے کی گزارش کی تھی تو مہاراشٹر کے عوام نے گزشتہ ۵۰؍ سال کا ریکارڈ توڑ کر  بی جے پی کو ووٹ دیا تھا۔ اسی لئے  میں  دھولیہ سے انتخابی مہم کی  شروعات کررہا ہوں۔مودی نے عوام سے کہا کہ مہاراشٹر میں ڈھائی سال میں جو ترقی ملی ہے اسے رکنے نہیں دیا جائے گا اور اس کیلئے مہاراشٹر کے عوام بی جے پی کے ساتھ ساتھ مہایوتی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔

یہ بھی پڑھئے: تاریخی فتح، دور رَس نتائج کا حامل فیصلہ، اقلیتی اداروں کے حقوق پر مہر

مودی نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ توڑنے کا کام کیا ہے۔ملک کا بٹوارا کانگریس نے کیا، جموں کشمیر کو ہندوستان سے دور کانگریس نے کیا، جموںکشمیر میں امبیڈکر کے آئین کو نافذ نہیں کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریزرویشن کی ہمیشہ  کانگریس ہی نے مخالفت کی، ایس سی، ایس ٹی او بی سی میں لڑائی لگاکر انھیں کمزور کرنے کا کام کانگریس اور اس کی اتحادی مہاوکاس اگھاڑی میں شامل پارٹیاں کررہی ہیں۔ مودی کے مطابق ’’ پسماندہ طبقہ ایک ہوگیا تو کانگریس کی سیاسی دکان ہمیشہ کیلئےبند ہوجائے گی۔‘‘ نریندر مودی نے یوگی آدتیہ ناتھ  کے نعرے ’’بٹیں گے تو کٹیں گے کا اگلا حصہ ’ ایک ہے تو سیف ہے‘ دہرایا۔انہوں نے دھولیہ ضلع کے عوام کو کانگریس کی سازش سے بچنے کا مشورہ دیا۔ اپنی عادت کے مطابق مودی نے  مراٹھی زبان  میں عوام سے اپیل کی کہ وہ مہایوتی کے امیدواروں کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں لاڈلی بہن اسکیم کو بند کرنے کیلئےلوگ عدالت گئے ۔مودی نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین کو مستحکم کرنے کیلئے نئی نئی اسکیمیں لارہی ہیں جو کانگریس اور اس کی دوست پارٹیوں کو کھل رہی ہیں۔لاڈلی بہن اسکیم کی وجہ لاکھوں کروڑوں خواتین کا زندگی جینے کا سہارا ملا ہے۔لاڈلی بہن اسکیم کا نہ صرف مہاراشٹر بلکہ ملک دیگر ریاستوں میں بھی خوب پذیرائی ہورہی ہے۔

مودی نے کہا کہ اگر مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کی سرکار آئی تو وہ سب سے پہلے لاڈلی بہن اسکیم بند کردے گی۔  وزیراعظم نے کانگریس کو آدیواسی  مخالف بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے آدیواسی سماج کا ہمیشہ سے ہی استحصال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہایوتی کے پاس مہاراشٹر کامستقبل کا روڈ میپ ہے۔ ڈبل انجن سرکار کی وجہ سے مہاراشٹر  ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔مہایوتی نے خواتین کی فلاح بہبود کیلئے مہاراشٹر میں درجنوں اسکیمیں لائی ہیں۔ مہایوتی  حکومت کسان سمان  یوجنا  کی رقم کو ۱۵؍ ہزار روپے کر دے گی۔ معلوم ہوکہ مہایوتی کے امیدواروں کی تشہیر کیلئے دھولیہ میں گئو شالہ مالیگاوں روڈ پر عظیم الشان اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔  بی جے پی نے دھولیہ کے دھولیہ(دیہی)سے رام بدھانے، شیرپور سے کاشی رام پاورا، سندھ کھیڑا سے جے کمار راول اور دھولیہ شہری حلقے سے انوپ اگروال کو جبکہ ساکری اسمبلی حلقے سے شندے گروپ کی  منجولا گاوت کو ٹکٹ دیا ہے۔اس اجلاس میں مذکورہ پانچوں ہی اسمبلی حلقوں کے امیدواروں نے بھی تقریر کرکے عوام سے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے  بھی جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کانگریس پر جم کر تنقیدیں کیں۔ مالیگاوں( آئوٹر) شندے گروپ  کے امیدوار دادا بھسے نے بھی رائے دہندگان سے مہایوتی کومضبوط بنانے کی اپیل کی۔
   یاد رہے کہ نریند ر مودی کی اسمبلی الیکشن کی تشہیری مہم کیلئے یہ پہلا جلسہ تھا۔ اس لحاظ سے اطراف  کے لوگوں کی کافی بھیڑ اس جلسے میں موجود تھی۔ وزیراعظم نے  لوک سبھا الیکشن میں بھی مہایوتی کیلئے کئی جلسوں سے خطاب کیا تھا۔ آج وہ ناندیڑ میں عوام سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد ان کی مزید کئی ریلیاں ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK