• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کلیان- تلوجہ میٹرو لائن کے کام میں اچانک تیزی پر اپوزیشن کی تنقید

Updated: May 09, 2024, 11:28 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

اسےرائے دہندگان کو رجھانے کی کوشش قرار دیا۔ مہایوتی کے امیدوارشری کانت شندے نے کہا: مخالفین کے پاس کوئی موضوع نہیں بچا ہے۔

Construction work of Kalyan-Taluja Metroline 12 is going on at Shell Phatarod. Photo: Inquilab
شیل پھاٹاروڈ پرکلیان-تلوجہ میٹرولائن۱۲؍ کا تعمیراتی کام کیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب

کلیان پارلیمانی حلقہ میں واقع کلیان سے تلوجہ میٹرو لائن ۱۲ ؍کا کام تیزی  سے جاری ہے۔میٹرو ۱۲ ؍کے کام میں تیزی لانے کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے بیٹے شری کانت شندے لے رہے ہیں جبکہ اپوزیشن کا  الزام ہے کہ ریاستی حکومت نے ایم ایم آر ڈی اے پر دباؤ ڈال کر کلیان-تلوجہ میٹرو لائن کا کام جلد بازی میں شروع کروایا ہے۔  
 سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کلیان پارلیمانی حلقہ میں اپنے بیٹے شری کانت کے حق میں فضا کو ساز گار بنانے اور رائے دہندگان کو رجھانے کیلئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے میٹرو لائن شروع کرنےکا داؤ کھیلا ہے۔
وزیراعظم  نے دسمبر ۲۰۱۸ ءمیں تھانے- بھیونڈی- کلیان میٹرو ۵ ؍کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔تقریباً ساڑھے  پانچ سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس لائن کا محض ۱۵ ؍سے ۲۰ ؍فیصد کام ہی مکمل ہوپایا ہے۔میٹرو لائن ۵ کے کام میں ہونے والی تاخیر سے شہریوں میں حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ دوسری جانب فروری   میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے کچھ دن پہلے ہی کلیان-تلوجہ میٹرو ۱۲ ؍کا  سنگ بنیاد رکھا اور اب اس لائن کے کام کا باقاعدہ  آغاز ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شرد پوار کے’ معنی خیز ‘بیان پر سیاست میں ہلچل

سیاسی حلقوں میں میٹرو لائن ۱۲ ؍کے کام کو جلد بازی میں شروع کرنے کا خوب چرچا ہورہا ہے۔ ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر وجے سالوی نے کہا کہ تھانے-بھیونڈی-کلیان میٹرو لائن ۵ ؍کا سنگ بنیاد ملک کے وزیراعظم مودی نے رکھا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ۴ ؍سال میں لوگ میٹرو ٹرین سے آرام دہ سفر کرسکیں گے لیکن ۵ سال سے زائد کا  عرصہ گزرنے کے باوجود ایم ایم آر ڈی اے اس لائن کا روٹ تک فائنل نہیں کر سکی ہےجبکہ کلیان -تلوجہ میٹرو لائن کا کام صرف رائے دہندگان کو رجھانے کیلئے شروع کیا گیا ہے۔
 اس بارے میں مہایوتی کے امیدوار  ڈاکٹر شری کانت شندے سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کلیان-تلوجہ میٹرو لائن کو ۲ ؍ سال قبل منظوری  مل چکی تھی۔چند تکنیکی دشواریوں کے سبب میٹرو لائن کا کام شروع نہیں ہوپایا تھالیکن اب شندے سرکار نے ساری دشواریوں اور رکاوٹوں کو دور کرکے میٹرو لائن کے کام کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس کوئی موضوع نہیں بچا ہے تو میٹرو لائن کے کام پر تنقید کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK