• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

گڑھوں کی فوری مرمت اور کھلے مین ہول پر ڈھکن لگانے کا حکم

Updated: May 25, 2024, 7:19 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مانسون کی آمد سے قبل بی ایم سی کمر بستہ، شہری انتظامیہ نےتمام ۲۲۷؍ وارڈوں میں انجینئروں کو اسکوٹر پر سفر کرکے سڑکوں اور گلیوں میں موجود گڑھو ں اور کھلے ہوئے چیمبر کا پتہ لگانے کا حکم دیا۔کانکریٹ کی سڑکیں بنانے والے ٹھیکیداروں کو بھی جلد سے جلد ادھورا کام مکمل کرنے اورنئے سرے سے سڑکوں کی کھدائی نہ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

he order has been given by BMC to the contractors to speed up the construction of roads with cement concrete. Photo: Inquilab
سڑکوں کوسیمنٹ کانکریٹ کی بنانےکے کام میں تیزی لانے کا حکم بی ایم سی کی جانب سے ٹھیکہ داروں کو دیا گیا ہے۔ تصویر:انقلاب

موسم باراں کی آمد سے قبل بی ایم سی جہاں جنگی پیمانے پر ۹۹؍ فیصد نالوں کی صفائی کرنے کا دعویٰ کررہی ہے وہیں شہری انتظامیہ نے شہر اور مضافات کے ۲۲۷؍  وارڈوں کو گڑھوں اور گٹروں کے کھلے ہوئے چیمبروں کے سبب ہونے والے حادثات اور اموات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے مقصد سے جلد سے جلد گڑھوں کو مرمت کرنے اور گٹروں پر ڈھکنوں کو لگانے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ ساتھ ہی بی ایم سی نے شہر کی سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کے مقصد سے سڑکوں کوسیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کرنے والے ٹھیکیداروں کو مانسون کی آمد کے پیش نظر اب نئی سڑکوں کی کھدائی کرنے سے بھی منع کر دیا ہے۔
  قابل ذکر بات یہ ہے کہ شہر اور مضافات کی سڑکوں پر گڑھوں اور گٹر کے کھلے ہوئے  چیمبروں  کا پتہ لگانے کے لئے شہری انتظامیہ نے بی ایم سی کے متعلقہ انجینئروں کو اسکوٹر لے کر شہر کی سڑکوں ہی نہیں بلکہ گلی محلہ کی سڑکوں کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں نہ صرف میونسپل ڈپٹی کمشنرز بلکہ تمام ۲۴؍ وارڈوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو گڑھوں کے علاوہ ڈرینج اور گٹروں کے  چیمبر کھلے ہونے ، یا خستہ حال پائے جانے کی شکایت موصول ہوتے ہی ۴۸؍ گھنٹوں کے اندر نہ صرف سڑکوں پر موجود گڑھوں کو پُر کرنے بلکہ کھلے ہوئے مین ہول پر ڈھکن لگانے کی بھی ہدایت دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی میں ایک ہزار سے زائد عمارتیں مخدوش قرار دی گئیں

شہری انتظامیہ نے روڈ انجینئرو ں کو خصوصی طور پر نہ صرف ملنے والی شکایتوں پر گڑھوں کا جائزہ  لینے کے لئے خود اس مقام کا سروے کرنے ہدایت دی ہے بلکہ گڑھوں کو پُر کرنے کیلئے کانٹریکٹر کے رابطہ میں رہ کر کام کے مکمل ہونے کے بعد بھی اس کا جائزہ لینے کا فرمان جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی بذات خود اسکوٹر کے ذریعہ شہر اور مضافات کی سڑکوں اور گلی محلوں میں ایسے گڑھوں کو تلاش کرنے اور اسے پُر کرنے کو کہا ہے جس کی وجہ سے حادثات یا اموات ہونے کا خدشہ لاحق ہو۔  حال ہی میں بی ایم سی کے ۳۰۰؍ انجینئروں کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے سڑکوں کو گڑھوں سے پاک رکھنے کے لئے ٹریننگ بھی دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال روڈ وے سلیوشن انڈیا انفرا لمیٹیڈ نامی کمپنی کو شہر کی ۲۱۲؍ سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کیلئے ٹھیکہ دیا گیا تھا لیکن تشفی بخش کام انجام نہ دینے کے سبب ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا ساتھ ہی ۶۴ء۶؍ کروڑ پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
گڑھوں اور مین ہول اور گٹروں کے ڈھکن کھلے ہونے کے ساتھ ساتھ بی ایم سی نے موسم باراں کی آمد کے پیش نظر شہر کو گڑھوں سے پاک رکھنے کے لئے جن کمپنیوں کو سیمنٹ کانکریٹ کی سڑکیں بنانے کا ٹھیکہ دیا ہے، شہری انتظامیہ نے انہیں ۷؍ جون تک کام مکمل کرنے کا فرمان جاری کیا ہے ۔ وہیں بی ایم سی نے سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ کی بنانے کیلئے نئی سڑکوں کی کھدائی کرنے کے سلسلے کو بند کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
 واضح رہے کہ بی ایم سی نے ۱۴؍ الگ الگ کمپنیوں کو شہر میں سیمنٹ کانکریٹ کی سڑکیں بنانے کا ٹھیکہ دیا ہے ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق شہر اور مضافات میں اس وقت ۳۹۷؍ کلو میٹرپر مشتمل سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کیا جا رہا ہے لیکن گزشتہ ۱۴؍ مہینے میں ۲۰؍ فیصد ہی کام  مکمل ہوسکا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بی ایم سی نے سیمنٹ کانکریٹ کمپنیوں کو متنبہ کرتے ہوئے ۷؍ جون تک کام مکمل کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK