Inquilab Logo Happiest Places to Work

شدید گرمی کے باعث ودربھ میں امتحانات جلد منعقد کروانے کا حکم

Updated: April 09, 2025, 12:02 PM IST | Ali Imran | Nagpur

مفاد عامہ کی عرضداشت پر سماعت کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ نے امتحان کے ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کرنے کی ہدایت دی

Students in rural areas face more difficulties. File photo
دیہی علاقوں میں طلبہ کو زیادہ دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فائل فوٹو

ریاست میں بعض علاقوں میں درجۂ حرارت ۴۴ ؍ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ خاص کر دیہی علاقوں  میں لوگ شدید گرمی سے پریشان ہیں۔ جبکہ اب تک ریاست کے اسکولوں میں طلبہ کے امتحانات مکمل نہیں ہوئے ہیں۔ ایسی صورت میں ایک عرضداشت پر سماعت کے دوران بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ نے محکمۂ تعلیم کو حکم دیا ہے کہ وہ اسکولوں میں جلد از جلد امتحانات مکمل کروائے۔ 
  یاد رہے کہ اس وقت ریاست میں درجۂ حرارت دن بہ دن بڑھتا جا   رہا ہے۔ ودربھ کے اضلاع میں شدید گرمی ہے درجۂ حرارت ۴۴؍  کے اوپر پہنچ چکا ہے مگر اسکولوں میں اب تک چھٹیاں نہیں پڑی ہیں کیونکہ محکمہ  ٔتعلیم نے اس سال ریاست بھر میں ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حالانکہ اس سے قبل   ودربھ میں اسکولی امتحانات اپریل کے دوسرے ہفتے تک ختم ہو جاتے تھے، اس سال محکمہ تعلیم کے فیصلے کی وجہ سے، ودربھ کے  اسکولوں میں امتحانات اپریل کے آخر تک ملتوی کر دیئے گئے تھے۔  ودربھ کے اسکولوں نے ودربھ میں شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو دیکھتے ہوئے ریاست بھر میں ایک ہی دن امتحانات منعقد کرنے کے محکمہ تعلیم کے فیصلے کی سخت مخالفت کی تھی۔ اس سلسلے میں وزیر تعلیم کو ایک خط بھی  بھیجا گیا تھا مگر حکومت نے محکمۂ تعلیم نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کی۔
اسی دوران مہاراشٹر اسٹیٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس کارپوریشن نامی تنظیم نے  بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ میں عرضداشت داخل کی اور عدالت سے  اپیل کی کہ وہ محکمۂ تعلیم کو ودربھ میں جلد از جلد امتحانات  منعقد کرنے کا حکم جاری کرے۔ ۷؍اپریل کو دیر شام اس سلسلے میں عدالت میں سماعت ہوئی اور عدالت نے ودربھ کے تمام اضلاع کے تعلیمی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ محکمۂ تعلیم کی اجازت سے ودربھ کے اسکولوں کے امتحانی شیڈول میں ضروری تبدیلیاں کریں۔

یہ بھی پڑھئے: کشمیراسمبلی میں وقف کے معاملے پر دوسرے دن بھی ہنگامہ

مہاراشٹر اسٹیٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس کارپوریشن نے عدالت کی ہدایات کا خیرمقدم کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ودربھ کے تعلیمی حکام فوری طور پر فیصلہ  کریں اور ودربھ کے اسکولوں کے امتحانی شیڈول پر نظر ثانی کریں۔ ودربھ میں شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر اسٹیٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس کارپوریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ ودربھ کے اسکولوں میں  امتحانات  ۱۵؍ اپریل سے پہلے کروائے جائیں۔ یہاں اول تا نہم جماعت کے امتحانات منگل ۸؍اپریل سے شروع ہو گئے ہیں۔  ریاست بھر سے ایک کروڑ ۴۵ ؍لاکھ طلبہ ان امتحانات میں شرکت کریں گے۔ یہ امتحانات ۲۵؍اپریل کو ختم ہوں گے۔ دیکھنا یہ ہے کہ عدالت کے اس حکم کے بعد ودربھ میں محکمہ تعلیم کس طرح سے ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کرتا ہے اور طلبہ کے امتحانات ۱۵؍ اپریل تک ختم کرواتا ہے۔ جوں جوں دن آگے بڑھیں گے ودربھ میں گرمی مزید بڑھتی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سال، پہلی بار، جماعت نہم میں پیریڈک اسیسمنٹ ٹیسٹ (پیٹ) سسٹم لاگو کیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے پہلی بار ریاستی سطح پر ان امتحانات کا شیڈول جاری کیا ہے۔ ٹیچر اور پرنسپل ایسوسی ایشن اس کی مخالفت کر رہے ہیں لیکن حکومتی انتظامیہ نے الگ سے ٹائم ٹیبل بنانے کیلئے تمام ضروری تیاریاں کر لی ہیں۔ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور امتحانات ۲۵؍ اپریل کو ختم ہونے والے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK