Updated: April 23, 2025, 9:19 PM IST
| Sri Nagar
پہلگام دہشت گردی حملہ کے بعد ہوائی کمپنیوں نے سری نگر کے کرایے میں زبردست اضافہ کر دیا تھا، جہاں کل کیلئے سری نگر سے نئی دہلی تک سب سے سستا پرواز کا کرایہ تقریباً ۶۵؍ ہزار روپے تھا، سوشل میڈیا پر تنقید اور سرکار کی مداخلت کے بعد اب یہ کرایہ گھٹ کر ۱۴؍ ہزار روپے رہ گیا ہے۔
سول ایوی ایشن وزارت نے ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سری نگر کے راستے پر معمول کے کرایوں کو برقرار رکھیں اور اضافی پروازیں چلائیں تاکہ اس حساس وقت میں کوئی بھی مسافر مشکلات کا شکار نہ ہو۔ سرکار کے مداخلت کے بعد اب پروازوں کے کرایے تقریباً ۱۴؍ ہزار روپے تک کم ہو گئے ہیں، اور صرف دو پروازیں (ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو) چل رہی ہیں۔ یہ ہدایت اس وقت سامنے آئی جب جنوبی کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں نے سیاحوں پر فائرنگ کر دی، جس میں کم از کم ۲۶؍افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے مشورے میں کہا گیاکہ ’’ پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد، سیاحوں کی اپنے گھروں کو واپس جانے کی غیر متوقع مانگ سامنے آئی ہے۔ اس تناظر میں، ایئرلائنز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہندوستان بھر میں اضافی پروازوں کی تعداد میں فوری اضافہ کریں تاکہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالا جا سکے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پہلگام حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر ہندوتوا گروپ کی’ مسلمانوں کے قتل عام‘ کی اپیل
اس میں مزید کہا گیاکہ’’ ایئرلائنز سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ منسوخی اور دوبارہ شیڈولنگ کی فیس معاف کرنے پر غور کریں اور اس مشکل وقت میں غیر متوقع حالات اور چیلنجز کا سامنا کرنے والے سیاحوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔‘‘ واضح رہے کہ پروازوں کے کرایہ میں یہ اضافہ پہلگام حملے کے بعد سامنے آیا،جب سیاحوں کی بڑی تعداد نے اپنے گھروں کو لوٹنے کیلئے ہوائی اڈوں کی جانب رخ کیا۔ کیونکہ شاہرائیں بند ہو گئی تھیں۔ کل کے لیے سری نگر سے نئی دہلی کا ایک طرفہ پرواز کا کرایہ تقریباً ۶۵؍ ہزار روپے درج تھا۔ سری نگر میں پھنسے اور واپسجانے کے خواہشمند بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر انتہائی مہنگے ٹکٹوں کی اسکرین شاٹس شیئر کیے، جس میں عام دنوں کے کرایہ کے مقابلے میں ۴؍ سے ۶؍ گنا زیادہ کرایہ میں اضافہ دیکھا گیا۔
اضافی پروازیں اور فیس معافی
ایئر انڈیا اور انڈیگو بدھ کے روز سری نگر سے قومی دارالحکومت اور ممبئی کے لیے کل چار اضافی پروازیں چلائیں گی۔ ایئرلائنز نے ٹکٹوں کی دوبارہ شیڈولنگ اور منسوخی کے فیس بھی معاف کر دیے ہیں۔اسی قسم کا اعلان دیگر ائیر لائنز نے بھی کیا ہے۔ نائڈو نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاستی حکومتوں اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر متاثر افراد کو ان کے گھر والوں تک پہنچانے میں مکمل تعاون کریں۔