Updated: April 24, 2025, 3:08 PM IST
| New Delhi
ہندوستان نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے تنازعات کے درمیان پاکستانی حکومت کا سرکاری ایکس اکاؤنٹ بلاک کردیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ چوتھی مرتبہ ہے جب ہندوستان نے پاکستانی حکومت کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ کو بلاک کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مطابق ’’یہ کارروائی حکومت یا قانونی ایجنسیوں کے ذریعے کئے گئے قانونی مطالبات کے بعد کی گئی ہے۔‘‘
جموں کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ ہونے کے دونوں ممالک میں بڑھتے تنازعات کے درمیان ہندوستان نے پاکستانی حکومت کے سرکاری ایکس (جسے پہلے ٹویٹرکہا جاتا تھا) اکاؤنٹ کو ایک مرتبہ پھر بلاک کردیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ کارروائی پہلگام، جموں کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد کی گئی ہے جس میں تقریباً ۲۶؍ افراد کی موت ہوئی تھی جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔ ہندوستان نے اس حملے کے بعد پاکستان کے خلاف سخت موقف لیتے ہوئے ’’اندس واٹرٹریٹی‘‘ کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ’’پانی کی تقسیم‘‘ کا ایک معاہدہ تھا۔
یہ بھی پڑھئے: پہلگام حملے میں مارا گیا ’ ہیرو‘ سیدعادل حسین شاہ
ہندوستان کے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے اپنے پوسٹ میں ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں قانونی کارروائی کے بدلے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قانونی مطالبات کے بعد ایکس اکاؤنٹ معطل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ چوتھی مرتبہ ہے جب پاکستان کے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ کو ہندوستان کے ذریعے بلاک کیا گیا ہے۔ قبل ازیں مارچ ۲۰۲۳ء، جولائی ۲۰۲۲ء اور اکتوبر ۲۰۲۲ء میں بھی پاکستان حکومت کے سرکاری اکاؤنٹ کو بلاک کیا جاچکا ہے۔ ایکس کی ہدایات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے قانونی مطالبات کے بدلے یہ کارروائی کی ہے جن میں عدالت یا قانونی ایجنسیوں کی جانب سے کئے جانے والے مطالبات بھی شامل ہیں۔