• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پاکستان: مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں یوٹیوبراوریا مقبول جان گرفتار

Updated: August 22, 2024, 8:34 PM IST | Lahore

پاکستان آرمی کے سخت ناقد، سیاسی مبصر اینکر پرسن اور یوٹیوبر اوریا مقبول جان کو صوبہ پنجاب میں مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت کو ہوا دینے اور اداروں کو بدنام کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اوریا مقبول جان کے وکیل اظہر صدیق نے ایف آئی اے پر الزام عائد کیا کہ ہمیں ایف آئی آر کی تفصیلات نہیں بتائی جا رہیں۔

Pakistani YouTuber and political commentator Orya Maqbool Jan. Photo: INN.
پاکستانی یوٹیوبر اور سیاسی مبصر اوریا مقبول جان۔ تصویر: آئی این این۔

سیاسی تجزیہ کار اور کالم نگار اوریا مقبول جان کو مبینہ مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اوریا مقبول جان کے وکیل اظہر صدیق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ان کو لاہور سے گرفتار کیا ہے۔ وکیل اظہر صدیق کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے لاہور گلبرگ کے حکام نے اوریا مقبول جان کو گرفتار کیا جبکہ انہیں گلبرگ کے آفس میں ہی رکھا گیا ہے۔ گرفتاری کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے وکیل نے بتایا کہ اوریا مقبول جان کو سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔ اس پوسٹ میں اوریا مقبول جان نے مبارک ثانی کیس سے متعلق گفتگو کی تھی۔ انہوں نے ایف آئی اے پر الزام عائد کیا کہ ہمیں ایف آئی آر کی تفصیلات نہیں بتائی جا رہیں۔

یہ بھی پڑھئے: صدارتی انتخاب: ڈیموکریٹس نےکملا کو باضابطہ امیدوار نامزد کردیا

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوریا مقبول جان کو ممکنہ طور پر آج ہی جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔ اس کیس میں ایف آئی اے کو گرفتار کرنے کا اختیار ہی نہیں ہے۔ اس لئے اس کے خلاف بھرپور دلائل دیں گے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اوریا مقبول جان کو لاہور میں ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز ۶؍ میں ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔ قبل ازیں گزشتہ سال مئی میں بھی دیگر کئی صحافیوں کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تھا اور انہیں حراست میں لیا گیا تھا۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا خاص طور پر اپنے فیس بک پیجز پر ایسے پروگرام کئے جن میں اسلام آباد میں ایک مذہبی جماعت کے جلسوں اور دھرنوں کا ذکر تھا جو سپریم کورٹ کے مبارک ثانی کیس پر فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ ۲۴؍ جولائی کو سپریم کورٹ نے مختلف مذہبی تنظیموں کی طرف سے دی گئی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے احمدی کمیونٹی کے فرد مبارک احمد ثانی کی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ 
بتا دیں کہ اوریاجان مقبول، ایک کالم نگار، شاعر، ڈرامانگار اور سابق سرکاری ملازم ہیں، ان کے یوٹیوب چینل کے۱۰؍ لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔ گزشتہ سال انہیں خفیہ ایجنسیوں نے سیاست میں طاقتور فوج کے کردار پر کھل کر تنقید کرنے اور جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت کرنے پر کئی دنوں تک حراست میں لیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK