ڈھاکہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب عالم نے جمعہ کو ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں جلد دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ براہ راست پروازیں متعارف کرانے اور ویزا کے عمل میں نرمی پر ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید احمد معروف اور بنگلہ دیش کے امور داخلہ کے مشیر جہا نگیر عالم چودھری کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔
ڈھاکہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب عالم نے جمعہ کو ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں جلد دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ عالم نے پاکستان کی تاجر برادری کو جنوری ۲۰۲۵ءمیں ڈھاکہ میں منعقد ہونے والی سالانہ تجارتی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی شرکت کو آسان بنانے کیلئےویزےکے عمل کوآسان کیا جائے گا۔ گزشتہ ماہ، کراچی سے پہلا براہ راست کارگو جہاز بنگلہ دیش کی چٹاگانگ بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا، جس کے بعد حکام نے کہا کہ یہ دو طرفہ تجارت میں ایک اہم قدم ہے۔ یہ پیش رفت طلباء کی قیادت میں ہونے والی بغاوت جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی اور محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت کے قیام کے چند ماہ بعد ہوئی ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون نے عالم کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جلد ہی شروع ہونے والی براہ راست پروازیں دونوں ممالک اور ان کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعلقات کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی۔ واضح رہےکہ دونوں ممالک کے درمیان آخری براہ راست پرواز ۲۰۱۸ءمیں ہوئی تھی۔ مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ستمبر میں، براہ راست پروازیں متعارف کرانے اورویزا کے عمل میں نرمی پر ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید احمد معروف اور بنگلہ دیش کے امور داخلہ کے مشیر جہانگیر عالم چودھری کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھے: محمد یونس بنگلہ دیش میں اقلیتوں کی نسل کشی کے مرتکب: معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ
ایکسپریس ٹریبیون نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر عالم نے یہ بیان کراچی سے تقریباً ۱۷۰؍کلومیٹر شمال مشرق میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے دورے کے دوران دیے ۔ عالم نے یہ بھی کہا کہ یونس نے پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید یہ کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات ،مشترکہ تاریخ، ثقافت اورتجارت، کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں۔اسمال اسکیل ٹریڈ رز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے تجارتی تعلقات میں نمایاں پیش رفت پر روشنی ڈالی، جس میں ۱۱؍نومبر کو حاصل ہونے والا سنگ میل بھی شامل ہے، جب پہلی بار براہ راست کارگو جہاز لنگر انداز ہوا تھا۔ میمن نے بنگلہ دیشی تاجروں پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان میں ہونے والی نمائشوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ہائی کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی تاجروں کو بنگلہ دیش میں نمائش میں شرکت کیلئےسہولت فراہم کرے۔