• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پاکستان: جیل میں قید عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہیں آئیں گے: مریم نواز

Updated: November 01, 2024, 8:29 PM IST | Lahore

پنجاب، پاکستان کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہیں آئیں گے۔ ان کا سیاسی کریئر ختم ہوچکا ہے اور وہ جیل میں بیٹھے اپنے زخموں کو کرید رہے ہیں۔

Maryam Nawaz Image: X
مریم نواز۔ تصویر: ایکس

پنجاب، پاکستان کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہیں آئیں گے کیونکہ وہ اب ’’خاک‘‘ ہوچکے ہیں۔ مریم نواز نے ایک تقریب میں کہا کہ ’’عمران خان کی سیاست اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، وہ جیل میں امید کر رہے تھے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جیت نہیں  سکے گی اور عوام سڑکوں پر ہوں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اور اب وہ جیل میں اپنے زخم کرید رہے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان اگست ۲۰۲۳ء سے متعدد مقدمات میں جیل میں ہیں۔ چونکہ فوجی اسٹیبلشمنٹ کھل کر حکمراں مسلم لیگ (ن) کی پشت پناہی کر رہی ہے، اس لئے ان کی پارٹی کے لیڈروں کو یقین ہے کہ عمران خان کے اقتدار میں واپس آنے کا بہت کم امکان ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جوبائیڈن کے بیان کے جواب میں ٹرمپ نے کچرے کے ٹرک کی سواری کی

وفاقی وزیر ترقی احسن اقبال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان موجودہ حکومت کی مدت یعنی ۲۰۲۹ء تک جیل ہی میں رہیں گے۔مریم نے مزید کہا کہ ’’آپ (عمران خان) کو بہتر ہے کہ آپ جہاں ہوں یا گھر میں بیٹھیں، اور خاموش رہیں کیونکہ آپ کبھی اقتدار میں واپس نہیں آئیں گے۔ مَیں کیا پی ٹی آئی کے حریف لیڈر بھی اب کہہ رہے ہیں کہ پنجاب ترقی کر رہا ہے۔ ہرچند کہ اپوزیشن ہمارے سڑکوں کے منصوبوں پر تنقید کر رہی ہے لیکن دبئی کو دیکھئے کیونکہ اس نے پہلے انفراسٹرکچر بنایا جس کے بعد ترقی ہوئی۔‘‘ دوسری جانب، پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ مرکز اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومتیں ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی مہربانیوں سے آئی ہیں۔ اس میں کہا گیا کہ فروری ۲۰۲۴ء کے عام انتخابات کے نتائج میں چھیڑ چھاڑ کر کے پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت چھین لی گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK