وزیر اعلیٰ کے بیٹے اور رکن پارلیمان شری کانت شندے کے انتخابی حلقہ میں ڈرامے کا کامیاب انعقاد۔
EPAPER
Updated: October 14, 2024, 12:13 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
وزیر اعلیٰ کے بیٹے اور رکن پارلیمان شری کانت شندے کے انتخابی حلقہ میں ڈرامے کا کامیاب انعقاد۔
عنقریب ہونے جارہے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے موقع پر’ ` پنّاس کھوکے، ایک دم او کے(پچاس کھوکے ایک دم اوکے)‘ نام کا مراٹھی ڈراما ناظرین کی تفریح کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس طنزیہ ڈرامے کا پہلا شو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے بیٹے اور کلیان لوک سبھا کے رکن پارلیمان شری کانت شندے کے حلقہ انتخاب میں ہوا ہے۔ چونکہ مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کو کچھ دن باقی رہ گئے ہیں اس لئے ڈراما کے پروڈیوسر کی جانب سے منتخب کردہ جگہ اور وقت بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ عیاں رہے کہ مذکورہ ڈراما کا پہلا شو دسہرہ کے دن کلیان میں ہاؤس فل تھا۔
یہ بھی پڑھئے:ایم وی اے نے مہایوتی کا ’غداروں کا پنچنامہ‘ جاری کیا
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مراٹھی فلم ` ’دھرم ویر‘ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے ذریعہ شدت پسند شیوسینکوں میں اپنی امیج کو بہتر بنانے کی بھر پور کوشش کی تھی۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے شیوسینا سے بغاوت کرنے کے وقت جس مراٹھی ڈائیلاگ نے پورے ملک میں شہرت حاصل کی تھی اسی عنوان سے ایک مراٹھی ڈراما تیار کیا گیا ہے۔ دسہرہ کا دن شیوسینا کیلئے کافی اہمیت رکھتا ہے اسی دن کلیان کے آچاریہ اترے ناٹیہ رنگ مندر میں `’ پنّاس کھوکے، ایک دم اوکے‘ نام کے مراٹھی ڈراما دکھایا گیا۔ حالانکہ ڈرامے کے پروڈیوسر نے کہا ہے کہ یہ ڈراما غیر سیاسی ہے تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ڈرامے میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مزاحیہ انداز میں تنقید کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ دسہرہ کے روز ہوئے اس ڈرامے کے پہلے شو کے سارے ٹکٹ بہت جلد فروخت ہو گئے تھے۔ چونکہ اس ڈرامے کا پہلا شو رکن پارلیمان شری کانت شندے کے کلیان لوک سبھا حلقہ میں ہوا اس لئے اس کے کئی سیاسی معنی نکالے جا رہے ہیں اور اسے `دھرم ویر ` پارٹ ٹو کا جواب بھی مانا جارہا ہے۔