پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بی ایم سی اسمارٹ فون پر شہر اور مضافات میں پبلک پارکنگ سے متعلق جلد ایپ متعارف کرے گی۔
EPAPER
Updated: March 19, 2025, 9:43 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بی ایم سی اسمارٹ فون پر شہر اور مضافات میں پبلک پارکنگ سے متعلق جلد ایپ متعارف کرے گی۔
بڑھتی آبادی اور شہر اورمضافات کی بیشتر فلک بوس عمارتوں میں پارکنگ کی سہولت نہ ہونے پر ۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑیوں کا استعمال کرنے والے شہر میں پارکنگ کی قلت سے پریشان ہیں۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے بی ایم سی جلد ہی اسمارٹ فون پر ایک ایسے ایپ کو متعارف کرائے گی جس میں شہر اور مضافات میںبی ایم سی کی پارکنگ لاٹس کے علاوہ پرائیویٹ بلڈر و ڈیولپرس کے ذریعہ بنائے گئے پرائیویٹ پارکنگ لاٹس کی نہ صرف تفصیلات فراہم کی جائے گی بلکہ کرایہ کی تفصیلات بھی بتائی جائے گی ۔
شہری انتظامیہ کے دعوے کہ مطابق اکثر و بیشترشہری اپنے علاقوں میں بی ایم سی اور پرائیویٹ بلڈروں کے توسط سے بنائے گئے پبلک پارکنگ لاٹس کی موجودگی سے واقف ہی نہیں ہیں ۔اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اور پارکنگ کا مسئلہ کم کرنے کیلئے ہی بی ایم سی نے ایک اسمارٹ پارکنگ ایپلی کیشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو نہ صرف آپ کے نزدیکی علاقے میں موجود پارکنگ لاٹس بلکہ پارکنگ کے کرایہ کی تفصیلات بھی فراہم کرے گا ۔بی ایم سی کے بقول اس وقت شہر اور مضافات میں الگ الگ مقامات پر ۳۷؍ پارکنگ لاٹس ہیں جن میں ۷۱؍ہزار ۵۲۹؍ گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجائش ہے ۔بی ایم سی کے بقول ان پارکنگ لاٹس سے باخبر نہ ہونے کے سبب مذکورہ بالاپارکنگ لاٹس کا محض ایک چوتھائی حصہ ہی استعمال ہوپاتا ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: چندوسی، سنبھل: مسجد اور ۳۴؍ مکانات پر بلڈوزر کارروائی کا اندیشہ
اس ضمن میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر، ابھیجیت بنگر نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ’’ شہر میں موجود پارکنگ لاٹس سے متعلق بی ایم سی نے عوام کو با خبر کرنے اور مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اسمارٹ فون پر جلد ہی ایک ایسے ایپ کو متارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو رہائشی علاقوں کے قریبی پارکنگ لاٹس کی تفصیلات فراہم کرے گا۔ اس ایپ کے ذریعہ آن لائن پارکنگ کی بکنگ بھی کی جا سکتی ہے، یہ ایپ پارکنگ لاٹس میں گاڑیوں کی گنجائش اور کرایہ کی تفصیلات بھی فراہم کرے گا۔‘‘
انہوں نے مزیدبتایا کہ شہر میں پرائیویٹ بلڈروں کو ملنے والے اضافی ایف ایس آئی کے عوض بھی کئی پارکنگ لاٹس بنائے گئے ہیں جن میں عام شہری گاڑی پارک کرسکتے ہیں ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی پارکنگ لاٹس میں گیراج اور گاڑی دھونے کی سروس بھی فراہم کی جارہی ہے۔ جنوبی ممبئی کےاے ، ڈی ، ای اور جی ساؤتھ وارڈیعنی ملبار ہل ، الٹا ماؤنٹ روڈ اور بائیکلہ میں بی ایم سی نے عوامی پارکنگ کی سہولت فراہم کی ہے ۔ اسی طرح سینا پتی باپٹ مارگ پر پیٹر مل میں بنائے گئے پارکنگ لاٹس میں ایک وقت میں ۲؍ ہزار ۳۷۰؍ گاڑیاں پارک کی جاسکتی ہیں۔تاہم لوور پریل میں انڈیا بلز ، پریل میں واقع ممبئی ٹیکسٹائل مل میں بنے پارکنگ لاٹ میںتوبیک وقت ۵؍ ہزار ۶۵۴؍گاڑیاں پارک کی جاسکتی ہیں۔ ان کے علاوہ دادر کے شیواجی پارک کے کوہ نور اسکوائر میں ایک ہزار سے زائدگاڑی پارکنگ کی سہولت موجود ہے۔ وہیں الفنسٹن روڈ پر بھی پبلک پارکنگ کی سہولت موجود ہے ۔ بعد ازیں شہر اور مضافات میں پارکنگ لاٹس کی موجودگی کے باوجود عوام کے باخبر نہ ہونے پرایڈیشنل میونسپل کمشنر نے جلد ہی ایک اسمارٹ ایپلی کیشن متعارف کرانے کی اطلاع دی ہے حالانکہ پارکنگ لاٹس میں گاڑیوں کی مرمت اور گاڑیاں دھونے کی فراہم کی جانے والی سہولت پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔