اسپتال داخل، حالت نازک، ابتدائی جانچ میں اسے ذاتی تنازع کا نتیجہ بتایا گیا
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 4:15 PM IST | Agency | New Delhi
اسپتال داخل، حالت نازک، ابتدائی جانچ میں اسے ذاتی تنازع کا نتیجہ بتایا گیا
پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے قریب ایک شخص کی خود سوزی کی کوشش نے کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ یہ نتیجہ اخذ کیا جارہاتھا کہ خودسوزی کیلئے اگر پارلیمنٹ کے نئی عمارت کے قریب کی جگہ منتخب کی گئی ہے تو یقیناً یہ اقدام بطور احتجاج کیاگیا ہوگا تاہم ابتدائی جانچ کےبعددہلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ باغپت سے تعلق رکھنےوالے نوجوان نے خود سوزی کی کوشش ذاتی وجوہات کی بنا پر کی ہے۔
نوجوان کی شناخت جتیندر کے طور پر کی گئی ہے جس کا تعلق اتر پردیش کے ضلع باغپت سے ہے۔ ۳۰؍ سال کے آس پاس کی عمر کا یہ نوجوان جب خود کو آگ لگالینے کے بعد ریل بھون کی طرف بھاگا تو وہاں تعینات سیکوریٹی اہلکاروں نے اسے بچایا اور رام منوہر لوہیا اسپتال پہنچایا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ’’اس نے ریل بھون کی طرف جانےوالی سڑک پر خود کو آگ لگالی۔ مقامی پولیس اور ریلوے پولیس کے جوانوں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر فوری طور پر آگ پر قابو پایا اور اسے اسپتال پہنچایا۔ ‘‘ اسپتال ذرائع کے مطابق وہ ۹۰؍ فیصد جھلس چکا ہےا وراس کی حالت انتہائی نازک ہے۔ بتایا جارہاہے کہ خود سوزی کیلئے اس نے پیٹرول جیسی کسی شئے کا استعمال کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پنجاب: ۱۱؍ افراد کو لفٹ دیکر قتل کرنےوالا گرفتار
اِن قیاس آرائیوں کے بیچ کہ ریل بھون کے باہر خود سوزی کا تعلق وزارت ریلوے کے خلاف احتجاج سے بھی ہوسکتاہے، پولیس نے ابتدائی جانچ کے ذریعہ اس امکان کی تردید کر دی۔ پولیس کے مطابق اپنے گاؤں باغپت میں کسی سے تنازع کی وجہ سے اس نے ریل بھون کے سامنے خودسوزی کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق جتیندر بدھ کی صبح ہیٹرین کے ذریعہ دہلی پہنچا ہے۔ جس جگہ اس نے خود سوزی کی وہاں سے اس کا ادھ جلا سامان اور تھیلا ضبط کیاگیاہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کے اہل خانہ کو خود کشی کی کوشش سے آگاہ کردیاگیا ہے۔ جانچ میں باغپت پولیس کی بھی خدمات لی جارہی ہیں۔