’’ بلا شبہ، تاریخ آپ کیساتھ انصاف کرے گی : کھرگے ۔ملک نے ایک عظیم لیڈر اورماہرمعاشیات کھودیا: شردپوار
EPAPER
Updated: December 28, 2024, 9:47 AM IST | New Delhi
’’ بلا شبہ، تاریخ آپ کیساتھ انصاف کرے گی : کھرگے ۔ملک نے ایک عظیم لیڈر اورماہرمعاشیات کھودیا: شردپوار
ہندوستانی سیاست میں قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھے جانے والے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے سانحہ ارتحال پر پورا ملک سوگوار ہے۔ سیاسی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑگئی ہے۔ تقریباً سبھی سیاسی جماعتوں اور لیڈران کی جانب سے آنجہانی ڈاکٹر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ’’بلا شبہ، تاریخ آپ کیساتھ انصاف ہمیشہ مہربانی سے کرے گی، ڈاکٹر منموہن سنگھ جی! آپ نے ہندوستان کو ایک شاندار رہنما، مخلص سیاستدان اور منفرد اقتصادی ماہر کی حیثیت سے انمول خدمات فراہم کیں۔ آپ کی اقتصادی اصلاحات اور حقوق پر مبنی فلاحی پالیسیوں نے لاکھوں ہندوستانیوں کی زندگیوں کو بدل کر رکھ دیا، ایک مضبوط متوسط طبقے کی بنیاد رکھی اور کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا۔‘‘ بی جے پی کی جانب سے ایکس پر لکھا گیا کہ ’’ڈاکٹر سنگھ کے انتقال سے ہم سبھی کو گہرا دکھ پہنچا ہے، ان کا انتقال ملک کا بڑا نقصان ہے۔‘‘ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’ڈاکٹر سنگھ ایک دور اندیش لیڈر تھے، جن کی معاشی اصلاحات نے جدید ہندوستان کو نئی شکل دی ۔‘‘ این سی پی کے سربراہ شردپوار نے اپنی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر سنگھ کی مدت کار کی باتوں کو یاد کیا اور کہا کہ ’’ملک نے ایک عظیم ماہر معاشیات، بہترین مصلح اور عالمی لیڈر کھودیا‘‘
یہ بھی پڑھئے: یوپی: الہ آباد ہائی کورٹ نے مغل دور کے حمام کو انہدام سے عبوری تحفظ فراہم کیا
آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو نے کہا کہ ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ ایماندار اور بے لوث لیڈر تھے، انہوں نے ملک کی ترقی کیلئے انتھک کام کیا اور وہ ایسے لیڈر تھے جن پر کوئی الزام نہیں لگا۔ منموہن سنگھ جی ایمانداری، سادگی، نرمی، سادگی، عاجزی، ذہانت اور دور اندیشی کے پیکر تھے۔‘‘ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ’’ منموہن سنگھ جی ملک کے عظیم محب و سپوت اور سیکولر کردار کے رہنما تھے، جنہوں نے ملک کو بدترین اقتصادی اور معاشی بحران سے نکالنے میں تاریخی رول ادا کیا ہے۔‘‘ پارٹی کے نائب صدر اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ منموہن سنگھ نے دو بار ملک کا وزیر اعظم رہ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیاہے۔بحیثیت وزیر اعظم جموں کشمیر کا خاص خیال رکھا اور اس دوران یہاں کلیدی ترقیاتی پروجیکٹوں کو شروع کروایا۔ ‘‘ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’سیکولرازم اور جمہوریت کی اقدار کے لئے پرعزم سیاست دان ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں سے دلی تعزیت۔ مغربی بنگال کے اپوزیشن لیڈر سویندو ادھیکاری نے جمعہ کو سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا۔ ادھیکاری نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا، ’’سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے انتقال سے گہرا دکھ ہوا ہے۔‘‘ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندوستان کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ نے بحیثیت وزیر اعظم قوم کی تعمیر کے لئے جرات مندانہ اقدامات کئے۔ مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ’’ کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی میں ڈاکٹر سنگھ کے تعاون کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔بی جے پی کے ریاستی صدر وشنودت شرما سمیت دیگر لیڈران نے بھی اظہار غم کیا۔