• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی سرکار کی ایما پر جان بوجھ کر سست روی سے پولنگ کروائی گئی: اُدھو

Updated: May 21, 2024, 9:07 AM IST | Agency | Mumbai

شیوسینا(یو بی ٹی) سربراہ نے الزام لگایا کہ جہاں اُن کی پارٹی کو زیادہ ووٹ مل سکتےتھے وہاں دانستہ طور پر ووٹنگ کے عمل کو سست کردیا گیا۔

Uddhav Thackeray. Photo: INN
ادھوٹھاکرے۔ تصویر : آئی این این

پیر کو لوک سبھا الیکشن کیلئے مہاراشٹر کی ۱۳؍ سیٹوں  پر ووٹنگ کے دوران شیوسینا (یو بی ٹی ) کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے الیکشن کمیشن پر مودی سرکار کے اشار ے پر کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جن مراکز پر اُن کی پارٹی کو زیادہ ووٹ ملنے کی امید ہے وہاں  جان بوجھ کر ووٹنگ کے عمل کو سست کردیاگیاہے۔ انہوں نے ہنگامی طورپر ایک پریس کانفرنس کرکے یہ الزام عائد کیا اور ووٹروں  سے اپیل کی کہ بھلے صبح ہوجائے مگر قطار میں  کھڑے رہیں  اور ووٹ دے کر ہی لوٹیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعدادوشمار کے مطابق شام ۵؍ بجے تک مہاراشٹر میں ۴۸ء۶۶؍ فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔ پانچویں مرحلے میں یہ پورے ملک میں  سب سے کم پولنگ ہے۔ مہاراشٹر میں  پانچواں  مرحلہ ہی آخری مرحلہ ہے۔ یہاں  کی ۶، آس پاس کی ۳؍ اور شمالی مہاراشٹر کی ۴؍ سیٹوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اُدھو ٹھاکرے کے مطابق ’’الیکشن کمیشن کے ذریعہ گندہ کھیل کھیلا جارہا ہے۔ ووٹروں میں زبردست جوش و خروش ہے مگر الیکشن کمیشن جانبداری برت رہاہے۔ کچھ علاقوں میں الیکشن کمیشن کے عملہ کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ کیا جارہاہے۔

یہ بھی پڑھئے: اقلیتوں کیخلاف کبھی کچھ نہیں کہا: مودی کا دعویٰ

انہوں نے الزام لگایا کہ افسران جان بوجھ کر کئی کئی بار ووٹروں کے نام اور ان کی شناخت کی تصدیق کرکے وقت ضائع کررہے ہیں جس کی وجہ سے خواتین اور معمر شہریوں کو پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ 
 مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ نے الیکشن کمیشن پر ووٹنگ مراکز میں  ناقص انتظامات کا بھی الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ کئی مراکز میں  پینے کے پانی کا بھی خاطرخواہ نظم نہیں  ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’مودی حکومت ہار کے ڈر سے الیکشن کمیشن کو استعمال کررہی ہے۔ یہ مودی حکومت کی سازش ہےتا کہ اس کے خلاف کم سے کم ووٹنگ ہو۔ ‘‘
دوسری طرف ممبئی کے کلکٹر نے اُدھو ٹھاکرے کے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ شہر کے کسی بھی پولنگ بوتھ پر سست رفتار ووٹنگ کی وجہ سے بھیڑ بھاڑ کی شکایت نہیں ملی ہے۔ بہرحال ایک سینئر افسر نے بتایا کہ شیوری، سائن کولی واڑہ اور کئی دیگر علاقوں میں صبح کے وقت بڑی تعداد میں ووٹر پہنچ گئے تھے مگر اضافی عملہ کی خدمات حاصل کرکے بھیڑ پر قابو پالیا گیا۔ انہوں  نے بتایا کہ ’’ہم ۲۵؍ ہزار ویب کیمروں کی مدد سے صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ سب کچھ نارمل اور پولنگ پرامن ہوئی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK