• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پوجا کھیڈکرپر جعلسازی کا الزام، ایف آئی آر درج

Updated: July 20, 2024, 12:25 PM IST | Agency | New Delhi/Pune

یونین پبلک سروس کمیشن نے متنازع ٹرینی آئی اے ایس افسر کے سلیکشن کو ردّ کرنے کیلئے وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا۔

Pooja Khedkar denied the allegations whenever he interacted with media representatives. Photo: INN
پوجاکھیڈکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے جب بھی بات چیت کی الزامات کی تردید کی۔ تصویر : آئی این این

تنازعات میں  گھریں آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکرکے خلاف جمعہ کویونین پبلک سروس کمیشن( یوپی ایس سی) نے فریب دہی کے الزام میں ایف آئی آر درج کروانے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی ٹرینی آئی اے ایس آفیسر پوجا کی امیدواری رد کرنے کیلئے انہیں   وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ پوجا کھیڈکر پر الزام ہے کہ اس نے سول سروس امتحان میں شرکت کیلئے اپنی شناخت چھپانے کیلئے فرضی دستاویز تیار کئے، ساتھ ہی اوبی سی معذور کوٹہ کا غلط استعمال کیا ہے۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے پوجا کھیڈکر کے خلاف جعل سازی، فریب دہی، آئی ٹی ایکٹ اور معذور ایکٹ کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ 
 اس سلسلے میں  یوپی ایس سی نےآفیشیل بیان جاری کیا ہے، جس میں  کہا ہے کہ سول سروسیز امتحان۲۰۲۲ءکی عارضی سفارش کردہ امیدوار، پوجا منورما دلیپ کھیڈکر کی غلط کاری کی تفصیلی اور مکمل تحقیقات کی گئی ہے۔ اس تفتیش کے ذریعہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے اپنا نام، اپنے والد اور والدہ کا نام، اپنی تصویر/دستخط، ای میل آئی ڈی، موبائل نمبر اور ایڈریس کو تبدیل کرکے اپنی فرضی شناخت بنا ئی اور امتحانی قواعد کے تحت قابل قبول حد سے تجاوز کرنے کی کوشش کی ہے۔ اتنا ہی نہیں   اس نے فرضی شناخت کے ذریعہ امتحان دینے کی جائز حد(اٹیمپٹ لمٹ) کو بھی پار کیا ہے۔ یو پی ایس سی نے مزید کہا کہ اس نے پولیس ایف آئی آر درج کراکے اس کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور سول سروسیز کی اس کی امیدواری کو منسوخ کرنے کے لئے وجہ بتاؤ نوٹس (ایس سی این) جاری کیا ہے۔ سول سروسز ایگزامینیشن۲۰۲۲ء کے قواعد کے مطابق یو پی ایس سی امتحان۲۰۲۲ء، مستقبل کے دیگر امتحانات سے باز رکھنے کے لیے کارروائی کی گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش میں حالات بے قابو، ۳۹؍ ہلاک، موبائل اور انٹرنیٹ بند

 خیال رہے کہ زیرتربیت آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر اپنی معذوری اور او بی سی سرٹیفکیٹ کے معاملے میں پچھلے پندرہ دنوں  سے تفتیش کے گھیرے میں ہیں۔ پونے کلکٹرکے دفتر میں پوجا کی ٹریننگ پوسٹنگ تھی، اس دوران پوجا نے گاڑی پر لال بتّی لگانے، علاحدہ کیبن فراہم کرنے سمیت کئی مطالبات کئے تھے۔ جس کے سبب ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یوپی ایس سی کو شکایت کی گئی تھی۔ اسی باعث انہیں  پونے سے واشم ٹرانسفر کردیا گیا تھا۔ اس تنازع کے سبب گزشتہ منگل کو ان کے ضلع ٹریننگ پروگرام کو بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔ پوجا کو ۲۳؍ جولائی ۲۰۲۴ء کو لال بہادر شاستری آئی اے ایس ٹریننگ اکیڈمی میں  حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ دھیان رہے کہ پوجا کھیڈکر کی والدہ منورما کھیڈکر کو پونے میں  کسان کو بندوق دکھاکر دھمکانے کے معاملے میں  گرفتار کیا جاچکا ہے۔ جبکہ اس معاملے میں  ماخوذ ان کے والد دلیپ کھیڈکر مفرور ہیں۔ دلیپ کھیڈکر سابق سرکاری ملازم ہیں اوران پر بھی آمدنی سے زائد اثاثہ کا الزام ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK