• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پوپ فرانسس کا اگلے ہفتے ایشیا دورہ، انڈونیشیا کی مسجد استقلال میں خطاب کریں گے

Updated: August 27, 2024, 5:59 PM IST | Jakarta

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اگلے ہفتے ایشیا کا دورہ کریں گے جس کی ابتدا انڈونیشیا کی مشہور استقلال مسجد سے ہوگی۔ وہ ۳؍ ستمبر کو جکارتہ سے اپنے سفر کا آغاز کریں گے، جہاں وہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو سے ملاقات بھی کریں گے۔

Pope Francis Photo: INN
پوپ فرانسس۔ تصویر: آئی این این۔

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اگلے ہفتے ایشیا کا دورہ کریں گے، جس کی ابتدا انڈونیشیا کی مشہور استقلال مسجد سے ہو گی۔ ۸۷؍سالہ پوپ انڈونیشیا کے سرکاری طور پر تسلیم شدہ چھ مذاہب کے نمائندوں کے ساتھ ایک بین المذاہب میٹنگ کریں گے۔ اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک کو اس وقت رواداری کے اپنے دیرینہ امیج کو بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ پوپ فرانسس، جو صحت کے متعدد مسائل سے دوچار ہیں اور وہیل چیئر پر انحصار کرنے لگے ہیں، کا چار ممالک کے دورے کے دوران مصروف ترین شیڈول ہے۔ وہ ۳؍ ستمبر کو جکارتہ سے اپنے سفر کا آغاز کریں گے، جہاں وہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو سے ملاقات کریں گے۔ مذہبی مکالمے کو فروغ دینے کیلئے معروف پوپ فرانسس استقلال مسجد میں اسلام، بدھ مت، کنفیوشس ازم، ہندو مت، کیتھولک اور پروٹسٹنٹ ازم کے مندوبین سے ملاقات کریں گے۔ انڈونیشیا کا آئین مؤخر الذکر دونوں کو الگ الگ مذاہب کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ بتا دیں کہ ملک کی۲۸۰؍ ملین آبادی میں سے تقریباً۸۷؍ فیصد مسلمان ہیں۔ تاہم، یہ فلپائن اور چین کے بعد ایشیا میں تیسرا سب سے بڑا مسیحی آبادی والا ملک ہے۔ یہاں کل آبادی کا۲ء۹؍ فیصد کیتھولک ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ہم منصوبہ بندی کے مطابق اپنا حملہ کرنے میں کامیاب رہے‘‘

مذاہب، نسلوں اور عقائد کے درمیان اشتراک کی کوشش
استقلال مسجد، جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد ہے، جو ۲۲؍ایکڑ پر محیط ہے۔ اس کا نام ڈچ استعمار کے خلاف ملک کی لڑائی کی مستقل یاد دہانی ہے جنہوں نے اس پر تقریباً۳۵۰؍ سال حکومت کی۔ مسجد کے سامنے رومن کیتھولک نیو گوتھک آور لیڈی آف دی ایسمپشن کیتھیڈرل واقع ہے۔ سرکاری ویب سائٹس کے مطابق، دونوں عبادت گاہوں کی قربت اس بات کی علامت ہے کہ مذاہب کس طرح پرامن طریقے سے ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔ مسجد اور کیتھیڈرل ایک انڈر پاس سے مربوط ہیں جسے ’’ٹنل آف فرینڈشپ‘‘(دوستی کی سرنگ ) کہا جاتا ہے، جس کی لمبائی تقریباً۲۸؍ میٹر ہے اور اسے مذہبی رواداری کی علامت کیلئے مصافحہ کی شکل میں بنایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ پوپ اس سرنگ سے گزریں گے۔ استقلال مسجد کے بڑے امام نصرالدین عمر نے اسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ فرانسس کا انڈونیشیا کو اپنے ایشیائی دورے کے پہلے پڑاؤ کے طور پر منتخب کرنامسلم کمیونٹی کیلئے باعث فخرہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوپ کے دورے کا استعمال مذہبی برادریوں کے درمیان مشترکہ بنیاد پر بات کرنے اور مذاہب، نسلوں اور عقائد کے درمیان اشتراک پر زور دینے کیلئے کریں گے۔ عمر نے تسلیم کیا کہ انڈونیشیا جیسا بڑھتا ہوا کثیر معاشر ہ والے ملک کو مزید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ ہم خدا کے تحت اکٹھے رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ پوپ فرانسس انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے تیسرے پوپ ہوں گے۔ یہ دورہ اصل میں ۲۰۲۰ء ہی میں طے کیا گیا تھا لیکن کووڈ وبا کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK