• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مدھیہ پردیش حکومت کیخلاف کانگریس کی بڑے پیمانے پر احتجاج کی تیاری

Updated: December 16, 2024, 12:16 PM IST | Agency | Bhopal

آج سےشروع ہونے والی تحریک میں۵۰؍ ہزار سے زائد پارٹی کارکنان کی شرکت متوقع ،اسمبلی کا گھیراؤ کیاجائیگا، انتخابی وعدے پورے نہ کرنے کا الزام۔

Congress Committee spokesperson Mukesh Nayak. Photo: INN
کانگریس کمیٹی کے ترجمان مکیش نائک ۔ تصویر: آئی این این

مدھیہ پردیش میں حکومت کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک بڑی تحریک کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پیر یعنی آج تحریک میں ۵۰؍ ہزار سے زائد کانگریس کارکنان اور لیڈران کے شامل ہونےکی توقع ہے۔ پولیس انتظامیہ نے بھی تحریک کے پیش نظر پوری تیاری کر لی ہے۔ دراصل کانگریس پارٹی کا الزام ہے کہ بی جے پی کی قیادت میں مدھیہ پردیش کی ریاستی حکومت اپنے انتخابی وعدے کی تکمیل میں پوری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ حکومت کے خلاف تحریک کے ساتھ ساتھ کانگریس اسمبلی کے گھیراؤ کی تیاری بھی کر چکی ہے۔ 
 مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان مکیش نائک نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات ۲۰۲۳ء میں بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں کئی ایسے وعدے کیے تھے جو اب تک پورے نہیں ہوئے ہیں۔ کانگریس ترجمان نے ریاست کی خواتین سے کئےگئے وعدے کی خلاف ورزی کے بارے میں بتایا کہ ’’خواتین کو۳؍ ہزار روپے ’لاڈلی بہن یوجنا‘ کے تحت دئیے جانے تھے لیکن بی جے پی نے خواتین سے کئے گئے وعدے کو اب تک پورا نہیں کیا۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے ریاست کےعوام سے کئی ایسے وعدے کئے تھے جسے نئی حکومت کی تشکیل کے ایک سال بعد بھی پورا نہیں کیا۔ ان ہی موضوعات پر کانگریس کمیٹی تحریک شروع کرنے جا رہی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کی

مکیش نائک نے تحریک کے بارے میں بتا یاکہ ’’پیر کو جواہر چوک پر دوپہر ۱۲؍ بجے تک کارکنان اور لیڈران جمع ہوں گے۔ اس کے بعد نئی اسمبلی کی طرف ریلی نکالی جائے گی۔ ‘‘ اس کے ساتھ ہی مکیش نائک نے دعویٰ کیا کہ اس تحریک میں ۵۰؍ ہزارسے زیادہ لوگوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔ کانگریس ترجمان نے اطلاع دی کہ تحریک میں بدعنوانی اور جرائم سے متعلق مسائل بھی اٹھائے جائیں گے۔ دوسری جانب پھوپال پولیس کمشنر نے پہلے ہی حکم نامہ جاری کر دیا ہے کہ نئی اسمبلی کے آس پاس کے ۵؍کلومیٹر دائرے کے اندر کسی بھی طرح کی تحریک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کانگریس ترجمان سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس کی یہ حکومت مخالف تحریک پُرامن طور پر کی جائے گی اور کانگریس لیڈران قانون کی پاسداری کرتے ہوئے گرفتاری دیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK