بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے میں سرمایہ کاری کے اثرات کے سبب شادیوں کے سیزن میں سونا خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔
EPAPER
Updated: April 18, 2025, 10:40 AM IST | Agency | Mumbai
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے میں سرمایہ کاری کے اثرات کے سبب شادیوں کے سیزن میں سونا خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔
سونے کی قیمت روزانہ نئے ریکارڈ بنارہی ہے اور پرانے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ جمعرات کو بھی سونے کی قیمت، ایک بار پھر ۱۶۵۰؍ روپے کی بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے ۹۸؍ ہزار روپے فی تولہ کے قریب پہنچ گئی ۔ راجدھانی دہلی میں سونے کی قیمت ایک ہی روز میں ۱۶۵۰؍روپے بڑھ کر ۹۸؍ ہزار ۱۰۰؍ روپے فی تولہ تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی جنگ کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ ہوا ہے۔ آل انڈیا صرافہ اسوسی ایشن کے مطابق ۲۴؍ قیراط والا خالص سونے جسے ۹۹ء۹۹؍ فیصد خالص بھی کہا جاتا ہے کی قیمت منگل کو ۹۶؍ہزار ۴۵۰؍ روپے فی تولہ تھی جو جمعرات کو ۹۸؍ہزار ۱۰۰؍ روپے درج ہوئی ہے۔ یہ قیمت مختلف شہروں میں وہاں کے ٹیکس کے لحاظ سے کم یا زیادہ ہوسکتی ہے لیکن یہ تو طے ہے کہ قیمت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اسی درمیان ۵ء۹۹؍ فیصد خالص سونا جسے ۲۲؍ قیراط کا سونا کہا جاتا ہے اس کی قیمت بھی ۹۶؍ ہزار روپے فی تولہ تک پہنچ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کنفرم ٹکٹ کا حصول وبالِ جان بن گیا
اس دوران چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا جو منگل کو ۹۷؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے کے مقابلے ۱۹۰۰؍ روپے بڑھ کر ۹۹؍ ہزار ۴۰۰؍ روپے فی کلوگرام پر پہنچ گئی۔ بین الاقوامی بازار میں اسپاٹ گولڈ ۳۳۱۸؍ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ایشیائی بازاروں میں بھی تجارتی سیشن کے دوران اسپاٹ سلور کی قیمت تقریباً ۲؍ فیصد بڑھ کر ۸۶؍ ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔ نیویارک میں سونے کی فیوچر ٹریڈنگ ۳۳؍ سو ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہوئی ہے۔
گھریلو بازار میں ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر جون کی ڈیلیوری کے لئے سونے کی فیوچر کی قیمت۹۴؍ ہزار ۷۸۱؍ فی گرام کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، اس کی اختتامی قیمت۹۴۷۶۸؍ روپے تھی۔ اس اضافے کا سہرا امریکہ کو جاتا ہے جس نے چینی اشیاء کی درآمد پر ٹیریف بڑھا کر ۲۴۵؍ فیصد کر دیا ہے۔