• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وزیر اعظم نریندر مودی کا آج دورہ ٔ مہاراشٹر

Updated: August 30, 2024, 12:34 PM IST | Agency | New Delhi

پال گھر میں تقریباً ۷۶؍ کروڑ روپے کے وادھون بندرگاہ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گےجس سے ملک کی تجارت کو فروغ ملےگا اور اقتصادی ترقی ہوگی۔ماہی گیری کےتقریباً ایک ہزار۵۶۰؍کروڑ روپے کی مالیت کے۲۱۸؍ منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

Prime Minister Modi will also address the Geo World Convention Center. Photo: INN
وزیراعظم مودی جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں خطاب بھی کریں گے۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی آج( جمعہ کو) ممبئی اور پال گھر کا دورہ کریں گے اور پال گھر میں ۷۶؍ہزار کروڑ روپے کے وادھون بندرگاہ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 
وزیر اعظم کے دفتر نے جمعرات کو بتایا کہ مودی جمعہ کی صبح ممبئی میں جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں گلوبل فنٹیک فیسٹ سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر میں وہ پال گھر کے سڈکو گراؤنڈ میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مودی پال گھر میں وادھون بندرگاہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی کل لاگت۷۶؍ ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ اس کا مقصد عالمی معیار کا ایک بحری راستہ قائم کرنا ہے جس کے ذریعہ بڑے کنٹینر والے جہازوں اور انتہائی بڑے کارگو جہازوں کو لایا جائے گا جس سے ملک کی تجارت کو فروغ ملےگا اور اقتصادی ترقی ہوگی۔ 
  پال گھر ضلع کے دہانو شہر کے قریب واقع وادھون بندرگاہ ہندوستان کی سب سے گہری آبی بندرگاہوں میں سے ایک ہوگی جو وقت اور لاگت کو کم کرتے ہوئے بین الاقوامی جہاز رانی کے راستوں کو براہ راست رابطہ فراہم کرے گی۔ جدید ترین ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر سے آراستہ اس بندرگاہ میں گہری برتھ، کارگو ہینڈلنگ کی موثر سہولیات اور جدید بندرگاہ کے انتظام کے نظام شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے: بلجیم: نسل کشی کے بیانات دینے والوں کو سزا دی جانی چاہئے: نائب وزیر اعظم

توقع ہے کہ اس بندرگاہ سے روزگار کے اہم مواقع پیدا ہوں گے، مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا اور خطے کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اس اہم رول ہوگا۔ ایک بار کام کرنے کے بعد یہ بندرگاہ ہندوستان کے سمندری رابطے کو بڑھا دے گی اور عالمی تجارتی مرکز کے طور پر اس کی پوزیشن کو مزید مضبوط کرے گی۔ 
  وزیر اعظم ماہی گیری کے تقریباً ایک ہزار ۵۶۰؍کروڑ روپے کی مالیت کے۲۱۸؍منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جس کا مقصد ملک بھر میں اس شعبے کے بنیادی ڈھانچے اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر کے بیان کے مطابق ان اقدامات سے ماہی پروری کے شعبے میں ۵؍ لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ وزیر اعظم تقریباً۳۶۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے’ نیشنل رول آؤٹ آف ویسل کمیونیکیشن اینڈ سپورٹ سسٹم‘ کا آغاز کریں گے۔ 
  بعدازاں  وزیر اعظم مودی ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس کا اہتمام پیمنٹس کونسل آف انڈیا، نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا اور فنٹیک کنورجینس کونسل نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ تقریباً۸۰۰؍ مقررین کانفرنس میں ۳۵۰؍ سے زیادہ اجلاس سے خطاب کریں گےجن میں پالیسی ساز، ریگولیٹرز، سینئر بینکرز، صنعت کار نیز ہندوستان اور مختلف ممالک کے ماہرین تعلیم شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق وزیر اعظم مودی کا یہ دور ہ معاشی اعتبار سے انتہائی اہم ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے اس سے روزگار کے مواقع پید ا ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK