• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی اور اطراف کا نامیاتی فضلہ امبرناتھ میں ڈمپ کرنے کا منصوبہ

Updated: August 26, 2024, 1:23 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Ambernath

ایم آئی ڈی سی میں بایولوجیکل ویسٹ ڈمپ کرنے کی مقامی افراد کی جانب سے شدید مخالفت۔

Dumping of organic waste is likely to further increase air pollution. Photo: INN
نامیاتی فضلہ ڈمپ کرنے سےفضائی آلودگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ تصویر : آئی این این

پچھلے کئی برسوں سے امبرناتھ کے رہائشی علاقے چھکلولی سے متصل ڈمپنگ گراؤنڈ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کے بجائے ریاستی حکومت نے ممبئی کے دیونار میں واقع بایولوجیکل ویسٹ (نامیاتی فضلہ) ٹریٹمنٹ پلانٹ کو امبرناتھ میں منتقل کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ جامبھیولی میں واقع ایم آئی ڈی سی) میں اس پلانٹ کیلئے قطعہ اراضی الاٹ کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ پروجیکٹ رائے گڑھ ضلع کے وڑگاؤں گرام پنچایت میں شروع کیا جانے والا تھا تاہم مقامی باشندوں کی مخالفت کے بعد اسے امبرناتھ منتقل کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ یہاں بھی شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔ 
 ایس ایم ایس انوکلین پرائیویٹ لمیٹڈکمپنی نے بایولوجیکل ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ شروع کرنے کیلئے قوانین کے مطابق پولیوشن کنٹرول بورڈ سے قطعہ اراضی کا مطالبہ کیا تھا۔ چونکہ یہ پروجیکٹ ممبئی میونسپل کارپوریشن کا ایک اہم پروجیکٹ ہےاس لئے ممبئی کے اطراف مناسب جگہ کی تلاش کی جا رہی تھی۔ متعلقہ کمپنی کو بایولوجیکل ویسٹ پر پروسیسنگ کرنے کیلئے پاتال گنگا، بوریولی صنعتی علاقے میں جگہ الاٹ کی گئی۔ لیکن رائے گڑھ کے وڑگاؤں گرام پنچایت کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے اس پروجیکٹ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے شکایت درج کی۔ بوریولی گاؤں، بوریولی ٹھاکر واڑی کیرے ادیواسی واڑی، شیواجی نگر اور وڑگاؤں اور اس سے متصل علاقوں میں اس پروجیکٹ کی اس لئے پُر زور مخالفت کی گئی کہ اس سے تعفن اورفضائی آلودگی کا مسئلہ لاحق ہوگا۔ بایولوجیکل ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے انسانی صحت پر بھی مضر اثرات مرتب ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے:طالبات کے حفاظتی اقدام کیلئے کمیٹی تشکیل

اس ضمن میں چھکلولی علاقے میں رہنے والے ابرار شیخ نے بتایا کہ ایم آئی ڈی سی اور ڈمپنگ گراؤنڈ کی وجہ سے یہاں کے شہری آلودگی سے پریشان ہیں۔ آبی اورفضائی آلودگی نے شہریوں کو سخت مشکلات میں ڈال رکھا ہےا ب بایولوجیکل ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے مزید پریشانی بڑھ جائے گی۔ اس سے پہلے بھی بی ایم سی کا کچرا یہاں ڈمپ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس کی مخالفت کی گئی تھی اور اب بھی شدید مخالفت کی جائےگی۔ 
آر ٹی آئی کارکن ششی کانت دائما نےکہا کہ پچھلے ۵؍ سال سے امبرناتھ ڈمپنگ گراؤنڈ کو ہٹانے اور پروسیسنگ پروجیکٹ کو لانے کا خواب دکھایا جارہا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اب بایولوجیکل ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اس کی بھی مخالفت ہونا طے ہیں۔ سرکار کو کسی بھی پروجیکٹ کو شروع کرنے سے قبل مقامی باشندوں کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK