جماعت اسلامی کاراولپنڈی اور اسلام آباد میں لگاتار دوسرے دن دھرنا، مطالبات کی منظوری تک ڈٹے رہنے کا اعلان۔
EPAPER
Updated: July 28, 2024, 1:06 PM IST | Agency | Rawalpindi
جماعت اسلامی کاراولپنڈی اور اسلام آباد میں لگاتار دوسرے دن دھرنا، مطالبات کی منظوری تک ڈٹے رہنے کا اعلان۔
عام مہنگائی، بجلی کی شرح میں اضافہ اور ٹیکس کی شرح بڑھا دیئے جانے کے خلاف پاکستان میں سیاسی پارٹی ’جماعت اسلامی‘ نے سنیچر کو لگاتار دوسرے دن راولپنڈی اور اسلام آباد میں جگہ جگہ دھرنا دیا۔ پارٹی نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت نے اپنے اخراجات ۲۴؍ فیصد بڑھالئے ہیں اوراس کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہاہے۔
پارٹی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمٰن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’عوام کا حق لئے بغیر نہیں جائیں گے، مطالبات نہیں مانے گئے تو پیچھے نہیں ہٹیں گے، دھرنا پورے ملک میں پھیلے گا۔ ‘‘ انہوں نے اعلان کیا کہ ’’حکومت اگر بات چیت کیلئے کسی کمیٹی کا اعلان کرتی ہے تو ہم بھی اپنی جانب سے کمیٹی کا اعلان کریں گے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: حماس کااسرائیل کے۴؍ ٹینک تباہ اور متعدد فوجیوں کو ہلاک کردینے کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ ’’ہم ملک کے ان نوجوانوں کی لڑائی لڑ رہے ہیں جنہیں اس ملک کے مستقبل سے مایوس کردیا گیا ہے، اس سے زیادہ خطرناک صورتحال نہیں ہو سکتی کہ نوجوان مایوس ہوں، انہیں ملک میں اپنے لئے بہترامکانات نظر نہ آرہے ہوں۔ ‘‘
جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ۵۰۰؍ یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو۵۰؍ فیصد رعایت دے۔ اس کے ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم پر عائد کئے گئے اضافی ٹیکس کو ختم اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ۲۰؍ فیصد کمی لائی جائے، اسٹیشنری پر لگائے گئے ٹیکس کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔