نیویارک میں مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ ہالینڈ میں خواتین نے فلسطینی ماؤں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ ڈیوک یونیورسٹی کے طلبہ گریجویشن تقریب میں فلسطینی رومال پہن کر پہنچ گئے۔
EPAPER
Updated: May 14, 2024, 10:04 AM IST | Agency | Brussels/ Washington
نیویارک میں مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ ہالینڈ میں خواتین نے فلسطینی ماؤں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ ڈیوک یونیورسٹی کے طلبہ گریجویشن تقریب میں فلسطینی رومال پہن کر پہنچ گئے۔
دنیا کے ممالک حصوں میں غزہ جنگ کے خلاف احتجاج اب بھی جاری ہے۔ یونیورسٹیوں میں بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔
امریکہ کے شہر نیویارک میں نکالے گئے جلوس میں پولیس نے مداخلت کی اورمظاہرین کو منتشر کر تے ہوئے متعدد افراد کوگرفتار کرلیا۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں فلسطینی پرچم تھامے خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ہالینڈ میں زیادہ تر خواتین پر مشتمل ایک گروپ نے فلسطینی ماؤں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ ’ماؤں کا نسل کشی کےخلاف احتجاج‘ کے نام سے نکالے گئے اس جلوس میں اسرائیل مخالف نعرے لگائے گئے۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں بھی فلسطین کی حمایت میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں اور جرمنی کے اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
آئرلینڈ میں ڈبلن یونیورسٹی کے طلبہ نے غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کیمپس میں خیمہ لگایا۔
سوئزرلینڈ کی یونیورسٹی آف جنیوا کے طلبہ کو چانسلر کے دفتر کی طرف سے ’کیمپس خالی کرنے‘ کی ہدایت کے باوجود فلسطین کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’رفح پر اسرائیل کے حملے سے حماس کا خاتمہ نہیں ہوگا‘‘
لوزان یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی ’ہم سب غزہ کےبچے ہیں‘ کے نعرے کے ساتھ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی طرف توجہ مبذول کرائی۔
امریکہ کی ڈیوک یونیورسٹی میں گریجویشن کی تقریب کے دوران فلسطین کے حامی طلبہ فلسطینی رومال کوفّیہ پہن کر شریک ہوئے اور’ فلسطین آزاد کرو‘ کے نعرے لگائے۔ بعد ازاں طلبہ نے اسرائیل حامی امریکی مزاحیہ اداکار جیری سین فیلڈ کو گریجویشن تقریب میں بطور مہمان مدعو کرنے پر تقریب سے واک آؤٹ کیا۔ امریکی کامیڈین جیری سین فیلڈ غزہ میں اسرائیلی جنگ کی پہلے دن سے حمایت کررہے ہیں اوروہ اسرائیل کی مسلسل حمایت کررہے ہیں۔ طلبہ نے ان کی موجودگی میں بھی فلسطین کی آزادی کیلئے نعرے لگائے۔
’`ایکس‘` پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان طلبہ میں سے کئی نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ’العربیہ ‘ کی خبر کے مطابق فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ٹوپیاں پہن رکھی تھیں۔ طلبہ شمالی کیرولینا کی اس یونیورسٹی کے ایک گراؤنڈ میں جمع تھےجسے فٹ بال اسٹیڈیم کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ویڈیو میں ایسے متعدد حاضرین دکھائے گئے ہیں جن میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے فلسطینی کوفیہ گلے میں ڈال رکھا ہے۔ ان طلبہ کو کھڑے ہوئے اور واک آؤٹ کر کے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار کرتے ہوئے کھڑے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لوگوں نے سڑکوں پر مارچ کیا۔