• Wed, 27 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلہ دیش میں چنمئے داس کی رہائی کیلئے احتجاج، ایک ہلاک

Updated: November 27, 2024, 11:49 AM IST | Agency | Kolkata

ملک سے غداری کے کیس میں ضمانت کی عرضی خارج ہونے پر برہمی، پولیس وین پر حملہ، کئی مقامات پرجھڑپیں۔

Police trying to disperse protesters in Bangladesh. Photo: INN
بنگلہ دیش میں مظاہرین کو پولیس منتشر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

بنگلہ دیش میں  ڈھاکہ سے چٹگانگ کے سفر کے دوران پیر کو اسکان کے مذہبی رہنما چنمئے کرشنا داس کی گرفتاری کے بعد شروع ہونےوالے مظاہرے منگل کو اس وقت شدت اختیار کرگئے جب کورٹ نے اسے ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ چنمئے کرشنا داس پر جو الزامات ہیں ان میں  ملک سے غداری کا الزام بھی شامل ہے۔ منگل کو اسے جب عدالت میں  پیش کرنے کیلئے لے جایاگیاتو اس حامیوں کی ایک بھیڑ نے اس وین کو بھی نشانہ بنایا جس میں  وہ لےجایا جارہاتھا۔ 
 تشدد میں  وکیل استغاثہ کی موت ہوگئی ہے جبکہ ۶؍ افراد زخمی ہیں۔ متوفی کی شناخت سیف الاسلام کے طور پر ہوئی ہے جو پیشے سے ٹرینی وکیل تھا۔ ڈھاکہ میں ایکسپریس ٹربیون نے چٹگانگ میڈیکل کالج اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی آن ڈیوٹی ڈاکٹر نبیدیتا گھوش کے حوالے سے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ زخمیوں کااسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں کے نام شری باس داس، شرکو داس، چھوٹن، سوجیت گھوش، اتپل اور انعام الحق شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:جنگ بندی کی اُمیدوں کےبیچ بیروت پر حملوں میں شدت

منگل کو عدالت کی جانب سے مذہبی رہنما چنمئے کو جیل بھیجنے کے حکم کے بعد کوتوالی تھانہ کے علاقے لال دیگھی میں مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق اور ۶؍دیگر زخمی ہو گئے۔ عدالتی کارروائی کے دوران چنمئے کرشنا کی بچاؤ ٹیم نے ضمانت کی درخواست دائر کی۔ تاہم سماعت کے بعد عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں فوری جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جیل حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اسے محکمانہ سہولیات فراہم کریں اور ان کے وکلاء کی درخواست کے بعد اسے اپنے مذہبی طریقوں پر عمل کرنے کی اجازت دیں۔ 
 جب چنمئے کرشنا داس کو پولیس وین میں لے جایا جا رہا تھا، تبھی انہوں نے ہینڈ مائیک کے ذریعے بھیڑ پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں اور ایسی حرکتوں سے باز رہیں جو ملک کو غیر مستحکم کر سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ پیر کی دوپہر اسکان کے مذہبی رہنما چنمئے کو دارالحکومت ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے علاقے سے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ چٹگانگ کیلئے روانہ ہورہے تھے۔ مظاہرین نے شہر کے چراغی چوراہے پر مارچ اور ریلی نکالی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ 
 منگل کو تشدد میں  ہلاکت کےبعد پہلے ہی حساس علاقوں  میں  صورتحال مزید ابتر ہونے کا اندیشہ ہے۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش میں  چنمئے داس کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پڑوسی ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقلیتوں  کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK