• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پونے میں شوروم والوں کیلئے اسکوٹر کے ساتھ ۲؍ ہیلمٹ دینا لازمی

Updated: January 07, 2025, 4:03 PM IST | Pune

آر ٹی او کی جانب سے حادثات کو روکنے کیلئے سخت اقدامات ، خریداروںکو بھی ۲؍ ہیلمٹ حاصل کرنے کی تاکید۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

حکومت نے حادثات کو روکنے کی غرض سے اسکوٹر کے پیچھے بیٹھنے والوں کیلئے بھی ہیلمٹ  پہننا ضروری قرار دیا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ پیچھے بیٹھنے والا ہیلمٹ کہاں سے لائے گا؟ اسکوٹر کے پیچھے روزانہ ایک ہی آدمی نہیں بیٹھتا ہے۔ وقتی طور پر کوئی بیٹھ جاتا ہے۔ لیکن اب پونے ریجنل ٹرانسپورٹ آفس ( آر ٹی او) نے ہدایت جاری کی ہے کہ ہر شو روم اپنے گاہکوں کو اسکوٹر فروخت کرتے وقت اسکوٹر کے ساتھ ۲؍ ہیلمٹ لازماً فراہم کرے۔  پونے آر ٹی  او نے اس تعلق سے ایک تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ ان دنوں سڑک حادثات میں ٹو وہیلر چلانے والوں کی موت کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ان کے پیچھے بیٹھے لوگوں کی موت کے معاملے بھی بڑی تعداد میں سامنے آ رہے ہیں۔ اگراسکوٹر بیٹھے لوگ ہیلمٹ کا استعمال کریں تو اس طرح کی اموات میں یقینی طور پر کمی آ سکتی ہے۔‘‘ اس میں کہا گیا ہے کہ ’’ اس لئے اسکوٹر چلانے والے اور اس کے پیچھے بیٹھے شخص کا ہیلمٹ پہننا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: حیدرآباد میں ایئرپورٹ جیسی سہولتوں سے لیس چرلا پلی ریلوے ٹرمینل کا افتتاح

ساتھ ہی موٹر وہیکل ایکٹ ۱۹۸۹ء کی دفعہ ۱۳۸؍ کے مطابق موٹر سائیکل فروخت کرنے والوں کو گاہکوں کو موٹرل سائیکل کے ساتھ ۲؍ ہیلمٹ فراہم کرنا لازمی ہے۔ ‘‘ حکم نامے کے مطابق  اس لئے اسکوٹر فروخت کرنے والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسکوٹر کے ساتھ اپنے گاہکوں کو ۲؍ ہیلمٹ لازمی طور پر فراہم کریں۔ لہٰذا خریدار بھی اس بات کا خیال رکھیں کہ اسکوٹر لیتے وقت اس کے ساتھ ۲؍ ہیلمٹ ضرور حاصل کریں۔ ‘‘ امید کی جا رہی ہے کہ پونے آر ٹی او کے اس حکم نامے کی وجہ سے سڑک حادثات میں ہیلمٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہونے والی اموات پر کسی حد تک کمی آئے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK