Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے: نیوزی لینڈ کے سیاح کو سنہہ گڑھ قلعہ میں گالی گلوچ کرنے پر مجبور کیاگیا، ایف آئی آر درج

Updated: April 14, 2025, 8:05 PM IST | Inquilab News Network | Pune

پولیس نے بتایا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، لیکن ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کی شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

A still from the video Luke uploaded on YouTube. Photo: INN
لیوک کے یوٹیوب ویڈیو کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کے شہر پونے کی دیہی پولیس نے سنیچر کو کئی نامعلوم نوجوانوں کے خلاف تاریخی سنہہ گڑھ قلعہ پر نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کے ساتھ نامناسب سلوک کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا۔ سیاح کی شناخت لیوک کے نام سے ہوئی ہے جس نے ۶ اپریل کو اپنے یوٹیوب چینل `لیوک دی ایکسپلورر` پر پونے کے سنہاگڑھ قلعے کے دورے کی ویڈیو پوسٹ کی۔

ایک گھنٹہ تین منٹ کی ویڈیو بعنوان "یہ قلعہ ہندوستان میں حیرت انگیز ہے! (سنہاگڑھ قلعہ)" میں، انہوں نے سنہہ گڑھ قلعہ کی چڑھائی کے دوران اپنے تجربات اور لوگوں کے ساتھ ہوئی گفتگو کو شیئر کیا۔ اس ویڈیو میں وہ چند نوجوانوں کے ساتھ گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں جو اورنگ آباد سے آنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ نوجوان، لیوک کے ساتھ مراٹھی میں گالیوں کا استعمال کرتے ہوئے بات کرتے ہیں، انہیں گالیاں بولنے کی ترغیب دیتے ہیں اور اس پر ہنستے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ میں قدیم مکان کے ملبے کے نیچے سے آصف جاہی دور کے سکے بر آمد

جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو کئی شہریوں، سماجی کارکنوں، تاریخ سے محبت کرنے والوں اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں نے نوجوانوں کے قابل اعتراض رویہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جس کے بعد پونے دیہی پولیس کے حویلی اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ انسپکٹر سچن ونگاڈے نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعات ۴۹ (جرم میں مدد کرنا)، ۳۰۲ (کسی کے مذہبی جذبات کو جان بوجھ کر ٹھیس پہنچانا)، ۳۵۱ (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، لیکن ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کی شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مرشد آباد میں مرکزی نیم فوجی دستے اور بی ایس ایف تعینات

دریں اثنا، لیوک نے اپنے یوٹیوب چینل پر ہندوستان کے مختلف مقامات، بشمول ممبئی کی جھگی بستی دھاراوی اور مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع کے سمندری قلعہ جنجیرہ کے دورے کی ویڈیوز پوسٹ کیں۔ واضح رہے کہ سنہہ گڑھ قلعہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے کمانڈر تاناجی مالوسرے کی وجہ سے مشہور ہے۔ تاناجی۱۶۷۰ء میں مغلوں سے قلعہ حاصل کرنے کی کوشش کے دوران مارے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK