• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پنجاب: کیرتی کسان یونین کا مظلوم فلسطینیوں کیلئے ۵؍ لاکھ روپے کا عطیہ

Updated: November 15, 2024, 9:01 PM IST | Punjab

پنجاب، ہندوستان میں امن کیلئے آواز بلند کرنے والی کیرتی کسان یونین نے مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ بندی کی حمایت کی اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل تلاش کرے۔ یونین نے اسرائیل کی نسل کشی کارروائیوں کی پُرزور مذمت کی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

جمعرات کو کسانوں کی ایک معروف تنظیم کیرتی کسان یونین نے فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد کے طور پر ۵؍ لاکھ روپے کا عطیہ پیش کیا۔ اس اقدام کے ذریعہ یونین نے غزہ میں جاری تنازع کی مشکلات برداشت کررہے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ یونین کے صدر نربھائی سنگھ دھوڈیکے اور جنرل سیکریٹری راجندر سنگھ دیپ سنگھ والا جیسے اہم ممبران پر مشتمل وفد نے ہندوستان میں تعینات فلسطینی سفیر عابد الرازگ ابو جذر سے دہلی میں فلسطینی سفارت خانہ میں ملاقات کی۔ امن کیلئے آواز اٹھانے والی کیرتی کسان یونین نے مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ بندی کی حمایت کی اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل تلاش کرے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سوڈان: عصمت دری کے خوف سے ۱۳۰؍ سے زائد خواتین کی خودکشی

ایک پریس کانفرنس کے دوران، یونین کے لیڈران نے امریکہ جیسی عالمی طاقتوں کے تعاون سے اسرائیل کے ذریعے غزہ میں جاری "خوفناک نسل کشی" کی مذمت کی۔ لیڈران نے جاری تشدد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجہ میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے ہیں اور آبادی کا کمزور گروہ یعنی بچے، بوڑھے اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے غزہ کے سنگین انسانی حالات پر روشنی ڈالی، جہاں عوام خوراک، پانی، بجلی اور ادویات جیسی ضروری اشیاء و خدمات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے امن پسند، حساس اور انصاف پسند لوگ فلسطینی عوام کے ساتھ ہو رہے ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ تقسیم ہند کے دوران تشدد اور ۱۹۸۴ء کے سکھ مخالف فسادات سے متوازی تصویر کشی کرتے ہوئے، یونین نے فلسطینی عوام کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: انفوسیس کے بانی نارائن مورتھی نےورک لائف بیلینس کے مفروضے کو مسترد کردیا

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہودیوں کو دوسری جنگ عظیم کے دوران خوفناک اور دل دہلا دینے والے مظالم کا سامنا کرنا پڑا، لیکن آج وہ خود انسانی تہذیب کی تاریخ کے ایک انتہائی ظلم اور ناانصافی کی داستان لکھ رہے ہیں۔ یونین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک سال سے زائد عرصہ سے جاری تشدد کی مذمت میں متحد ہو کر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرے۔ مزید برآں، کیرتی کسان یونین نے اسرائیلی حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے انہیں نازی حکومت کے دوران یہودیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے تشبیہ دی۔ یونین نے شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی سمیت مذہبی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ غزہ کے لوگوں کی مدد کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK