’بُچ اسٹاپس ہیئر‘ کےعنوان سے راہل گاندھی کا ایک اور ویڈیو جاری، یہ اس سیریز کا پانچواں ویڈیو ہے جس میں انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے کئی اہم اور بنیادی سوالات اٹھائے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 20, 2024, 11:17 AM IST | Agency | New Delhi
’بُچ اسٹاپس ہیئر‘ کےعنوان سے راہل گاندھی کا ایک اور ویڈیو جاری، یہ اس سیریز کا پانچواں ویڈیو ہے جس میں انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے کئی اہم اور بنیادی سوالات اٹھائے ہیں۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کو ایک بار پھر’سیبی‘(سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا)کی سربراہ مادھوی پوری بچ کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ کچھ بڑے تاجروں کو بچانے کیلئے ایک فکسڈ میچ کھیلا جا رہا ہےجس کا خمیازہ عام سرمایہ کاروں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ ’بچ اسٹاپس ہیئر‘ کے عنوان سے جاری اس ویڈیو میں راہل گاندھی کو کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا اور صحافی سوچیتا دلال کے ساتھ سرمایہ کاروں کی بچت کے تحفظ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو میں راہل گاندھی نے مادھوی بچ کے ساتھ ہی صنعتکار گوتم اڈانی کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
راہل گاندھی نے ’سیبی‘ پر الزام عائد کیا کہ وہ اس کے تحت سرمایہ کاروں کے اثاثوں کی حفاظت کرنے کے بجائے، اڈانی گروپ جیسے بڑے کاروباری گروپ کی حفاظت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میچ فکس ہوتا ہے تو سب ہارتےہیں لیکن سب سے زیادہ نقصان عام سرمایہ کاروں کا ہوتا ہے۔
’بچ اسٹاپس ہیئر‘کی پانچویں قسط میں انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے کئی اہم اور بنیادی سوالات اٹھائے ہیں۔ دوران گفتگو اس طرح کی باتیں سامنے آئیں کہ یہ نظام خردہ سرمایہ کاروں کو بری طرح پسپا کر رہا ہے، جس کا واحد مقصد بڑے کارپوریٹ گروپوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:منی پور کو تشدد کی وارداتوں کیساتھ ہی سیاسی بحران کا بھی سامنا
راہل گاندھی نے کہا کہ سیبی کے زیر اثر چھوٹےسرمایہ کاروں کے حقوق کی حفاظت کے بجائے ان کے مفادات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے اس ادارے کے تئیں چھوٹےسرمایہ کاروں، تاجروں اور ایماندار کاروباریوں کا اعتماد کم ہو رہا ہے۔
کانگریس لیڈر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ صرف مالی بدانتظامی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس سے پورے نظام میں اعتماد کی کمی اور لاکھوں ہندوستانیوں کیلئے مواقع کی کمی پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مسئلے کو فوراً حل نہیں کیا گیا تو اس کے اثرات نہ صرف معیشت بلکہ جمہوریت پر بھی پڑیں گے۔
ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ’’آئیے مل کر کرونی کیپٹل ازم کی حقیقی قیمت کا تجزیہ کریں جو نہ صرف کھوئی ہوئی بچت کے لحاظ سے بلکہ لاکھوں محنتی ہندوستانیوں کے اعتماد اور مواقع کے خاتمے کے لحاظ سے بھی بہت اہم ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر اس پر نظر نہ رکھی گئی اور اسے بچانے کی کوشش نہیں کی گئی تو نہ صرف ہماری معیشت بلکہ ہماری جمہوریت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نےعام ہندوستانیوں سے اپیل کی کہ اس اہم بات چیت میں ہمارے ساتھ شامل ہوں کیونکہ ہم سچائی سے پردہ اٹھاتے ہیں اور ایک زیادہ منصفانہ ہندوستان کی لڑائی لڑرہے ہیں۔
راہل گاندھی کی یہ ویڈیو سیریزمسلسل ’کرونی کیپٹل ازم‘ کے مسئلے کو اجاگر کرتی ہے۔ اس میں وہ ایک منصفانہ اور شفاف مالیاتی نظام کیلئے اصلاحات کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ اس سلسلے کا مقصد ان سرمایہ کاروں کو آواز دینا ہے جو موجودہ نظام سے مایوس ہو چکے ہیں۔ راہل گاندھی نےحیرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے حیرانی اس بات کی ہے کہ وہ لوگ ( حکومت کے ذمہ داران) ابھی تک مادھوی بچ سے چھٹکارہ کیوں نہیں حاصل کرپائے؟ اور ان کی جگہ کسی اور کی تقرری کیوں نہیں کی؟ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ مادھوی بچ نے غلط کیا ہے، اس کے باوجود حکومت میں بیٹھے لوگ اس سے جواب طلب کرنے کے بجائے اس کے دفاع میں لگے ہوئے ہیں۔