• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’جب میرے ساتھ بدسلوکی ہورہی تھی، تب آپ نے مجھے پناہ دی تھی‘‘

Updated: June 25, 2024, 11:33 AM IST | Agency | New Delhi

راہل گاندھی کا وایناڈ کےعوام کے نام جذباتی خط، کہا: میں آپ کیلئے اجنبی تھا پھر بھی آپ نے مجھ پر اعتماد کیا، یہ میں کبھی نہیں بھول سکتا۔

Congress leader Rahul Gandhi. Photo: INN
کانگریس لیڈر راہل گاندھی۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کے لیڈر اور رکن پارلیمان راہل گاندھی نے وایناڈ کے لوگوں کو ایک جذباتی خط لکھا ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے وایناڈ کے لوگوں کے پیار اور محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جب روزآنہ بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا تو وایناڈ کے لوگوں کی غیر مشروط محبت نے ان کی حفاظت کی اور انہیں پناہ دی، وایناڈ کے لوگ ان کا گھر اور ان کا خاندان ہیں۔ 
 راہل گاندھی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ میں آپ کیلئے اجنبی تھا پھر بھی آپ نے مجھ پر اعتماد کیا۔ آپ نے مجھے بے پناہ محبت اور پیار سے گلے لگایا۔ آپ نے اس کا کوئی لحاظ نہیں کیا کہ آپ کس سیاسی پارٹی کی حمایت کرتے تھے، کس برادری سے تھے، آپ کس مذہب کو مانتے تھے یا پھر آپ کون سی زبان بولتے تھے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے ایک لمحے کیلئے بھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ آپ کو مجھ پر شک ہے۔ اگر لوگ ان کی بہن پرینکا گاندھی کو موقع دیتے ہیں تو وہ نہایت عمدگی کے ساتھ وایناڈ کی نمائندگی کریں گی۔ راہل گاندھی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ پرینکا بطور رکن پارلیمان بہترین کام کریں گی۔ راہل گاندھی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ میں نہیں جانتا کہ آپ نے میرے لئے جو کچھ کیا ہے اس کیلئے میں آپ کا شکریہ کیسے ادا کروں۔ آپ نے مجھے پیار اور تحفظ دیا جب مجھے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ آپ میرے خاندان کا حصہ ہیں اور میں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہوں گا۔ انہوں نے اپنے خط میں اس کا بھی ذکر کیا ہے کہ وہ بہادری، خوبصورتی اور اعتماد کے ان لمحات کو نہیں بھول سکتے جس کے ساتھ لڑکیاں ہزاروں لوگوں کے سامنے ان کی تقاریر کا ترجمہ کرتی تھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’وزیراعظم مودی نے پھر مایوس کیا، رسی جل گئی مگر بل نہیں گیا‘‘

کیرالا میں سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ میں نے سیلاب کے دوران جو دیکھا اسے کبھی نہیں بھول پاؤں گا۔ اس دوران کئی خاندانوں نے اپنا سب کچھ کھو دیا تھا۔ انہوں نے مزید لکھا ہے میں آپ کے دیئے ہوئے ان گنت پھولوں کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ آپ لوگوں کا مجھ سے گلے ملنا یاد رہے گا۔ پارلیمنٹ میں آپ کی آواز بننا واقعتاً خوشی اور فخر کی بات تھی۔ وایناڈ لوک سبھا سیٹ چھوڑنے کا مجھے دکھ ہے لیکن مجھے ایک اطمینان بھی ہے کہ میری بہن پرینکا آپ کی نمائندگی کیلئے وہاں موجود ہوں گی۔ مجھے اس بات کا بھی اطمینان ہے کہ رائے بریلی کے لوگوں کے درمیان میرا ایک پیارا خاندان ہے۔ آپ کے اور رائے بریلی کے لوگوں دونوں کیلئے میرا عہد ہے کہ ہم نفرت اور تشدد کے خلاف مضبوطی سے لڑیں گے۔ 
 واضح رہے کہ رکن پارلیمان راہل گاندھی نے کیرالا کے وایناڈ اور اتر پردیش کے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ قاعدے کے مطابق پارلیمنٹ میں صرف ایک سیٹ کی ہی نمائندگی کی جا سکتی ہے، اسلئے ان کیلئے ایک سیٹ کو چھوڑنا ضروری تھا۔ ایسے میں راہل نے وایناڈ کی سیٹ پرپرینکا گاندھی کو اُتارنے کا فیصلہ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK