• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیٹھی، رائےبریلی میں راہل، پرینکا اور اکھلیش کی مشترکہ ر یلی

Updated: May 18, 2024, 12:25 AM IST | Ahmadullah Siddiqui | Lucknow

متنبہ کیا کہ بی جےپی آئین کو ختم کردیناچاہتی ہے جس سے عوام کے حقوق، ریزرویشن اورسرکاری نوکریاں سب ختم ہوجائیں گی ۔ ’ا نڈیا‘ کے منصوبوں سے عوام کوآگاہ کیا۔

Rahul Gandhi, Priyanka Gandhi, Sonia Gandhi, Bhupesh Baghel and others at Rae Bareli rally. Photo: INN
رائے بریلی کی ریلی میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، سونیا گاندھی، بھوپیش بگھیل اور دیگر۔ تصویر : آئی این این

اترپردیش میں۲۰؍ مئی کو لوک سبھا الیکشن کے پانچویں مرحلے کی پولنگ سے قبل جمعہ کو انتخابی مہم میں شدت آگئی۔ جمعہ کو وزیراعظم نریندرمودی ، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ، کانگریس لیڈرراہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت کئی بڑے لیڈروں نے یوپی میں ریلیاں کیں۔وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی عوامی جلسوں سے خطاب کیا اورتشہیری مہم میں حصہ لیا۔سیاست کی سب سےزیادہ تپش امیٹھی اوررائے بریلی میں  محسوس ہوئی جہاں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور ایس پی صدر اکھلیش یادو نےمشترکہ طورپرعوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ پرینکا گاندھی اور امیت شاہ نے بھی پارٹی امیدواروں کےحق میں تشہیری مہم چلائی اوراپنی اپنی پارٹی کی جیت کا دعوی کیا۔
 ایس پی صدر اکھلیش یادو اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعہ کو امیٹھی کے نندمہر میں مشترکہ جلسہ عام سے خطاب کیا اور’انڈیا‘ اتحاد کے امیدوار کشوری لال شرما کے لئے ووٹ مانگے۔ اس الیکشن میں پہلی بار امیٹھی پہنچے راہل گاندھی نے واضح کیا کہ وہ بھلے ہی رائے بریلی سے انتخاب لڑرہے ہیں مگروہ امیٹھی کے ہی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ۱۲؍ سال کی عمر میں اپنے والد کے ساتھ  پہلی بارامیٹھی آئے تھے اور اب ۴۲؍ سال ہوگئے ہیں۔اس دوران امیٹھی ان کے دل کے قریب رہا ہے۔اس لئے رائے بریلی کے لئے جو بھی منصوبہ آئے گا وہ امیٹھی کے لئے بھی آئے گا۔ راہل گاندھی نےمتنبہ کیا کہ آئین ملک کی ترقی کی بنیاد ہے اور بی جے پی اسے بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ آئین ختم ہوا تو پبلک سیکٹر ختم ہو جائے گا، نوکریاں ختم ہو جائیں گی، ریزرویشن ختم ہو جائے گا، عوام کے تمام حقوق چھین لئےجائیں گے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی والے مہنگائی اور کسانوں کی بے روزگاری کی بات نہیں کرتے۔ نریندر مودی جی چاہتے ہیں کہ ملک میں صرف ۲۵-۲۲؍ لوگ امیر ہوں اور باقی غریب رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’انڈیا‘ اتحاد کروڑوں لوگوں کولکھ پتی بنا دے گا۔۴؍ جون کے بعد پورے ملک میں غریبوں کی فہرست بنائی جائے گی۔ ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ روپے جمع کئےجائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: مودی کی ریلی میں پیاز کا نعرہ لگانے والے نوجوان کی شرد پوار سے ملاقات

ایس پی صدر اکھلیش یادو نےعوام کو آگاہ کیا  کہ بی جے پی  نے فوج میں ’اگنی ویر‘ اسکیم کو نافذ کیا ہے ، اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئی تو پولیس کی نوکریوں  میں بھی اگنی ویر اسکیم نافذ کردے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ ڈالنے جاتے وقت بے روزگاری اور مہنگائی کو ذہن میں رکھیں اوربی جے پی کے جال میں نہ پھنسیں۔اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی آئین کو بدلنے کی سازش کر رہی ہے مگر’انڈیا‘ اتحاد اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے بی جے پی کی امیدوار اسمرتی ایرانی پرطنز کیا کہ امیٹھی میں سلنڈر والے لوگ اب سرینڈر کر رہے ہیں، ۱۳؍ روپے فی کلو شکرکا خواب دکھاکر کڑوا جھوٹ بولا گیا۔اس موقع پر کانگریس کی سابق قومی صدر سونیا گاندھی، راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی، کانگریس لیڈر بھوپیش بگھیل، کے سی وینو گوپال، اویناش پانڈے، پرمود تیواری اور اتحاد کے دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔
  اُدھر امیٹھی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  پرینکا گاندھی نے کہا کہ `وزیراعظم تین ماہ سے انتخابات کو ہندو مسلم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور پھراچانک ایک دن صبح اٹھ کر وہ کہنےلگتے ہیں  کہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں کیا۔ انہوں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ان کے گھر کے آس پاس مسلمان رہتے تھے اور وہ  اکثر بریانی کھانے ان کے ہاں جایاکرتے تھے۔ پرینکا گاندھی نےکہا کہ ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز وزیراعظم کو اس طرح اپنے بیانات نہیںبدلنے چاہئیں۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی کے منہ سے کبھی بے روزگاری اور مہنگائی کے الفاظ نہیں نکلتے اور کہتے ہیں کہ کانگریس مذہب کے خلاف ہے۔ کانگریس جنرل سیکریٹری نے کہا کہ کانگریس مذہب مخالف کیسے ہو سکتی ہے ،  مہاتما گاندھی نے پوری آزادی کی تحریک کو بھگوت گیتا کی تعلیمات، سچائی اور عدم تشدد کی بنیاد پر چلایا۔ اس ملک میں اس سے بڑی مذہبی روایت کسی جماعت کی نہیں ہے۔
 مرکزی وزیرامیت  شاہ بھی امیٹھی میں موجود تھے، انہوں نےکہا کہ ’’رائے بریلی-امیٹھی اگرجتا دیئے تو چار سوپار کا نعرہ سچ ہوجائےگا۔‘‘امت شاہ نے اس موقع پرسماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی منوج پانڈے کو مالا پہنا کربی جے پی میں شامل کرایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK