• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رائے گڑھ: موسلادھار بارش کا قہر، مہاڈ سیلاب کی زد میں، معمولات زندگی ٹھپ

Updated: July 26, 2024, 12:53 PM IST | Siraj Shaikh | Raigad

روہا، پالی، ناگوٹھنے میں سیلابی صورتحال، کئی علاقے سیلاب سے متاثر ۔سیکڑوں گاؤں زیر آب۔ چٹانیں کھسکنے کےواقعات۔ تیز ہواؤں سے اسکول اور کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔

From the photos of Nagothna and Mahad, the conditions caused by the stormy rain can be estimated. Photo: INN
ناگوٹھنہ اور مہاڈ کی تصاویر سے طوفانی بارش کے سبب پیداہونیوالے حالات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

ضلع بھر میں تندہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس باعث معمولات زندگی درہم برہم ہیں۔ جمعرات کو ساوتری، کنڈلیکا، اور امبا ندیاں خطرے کی سطح کو عبور کر چکی ہیں۔ اسی باعث مہاڈ، روہا، پالی، ناگوٹھنے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ شدید بارش کے سبب ضلع کلکٹر کشن جاو لے نے ضلع کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ رائے گڑھ ضلع میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں سے موسلادھار بارش جاری ہے۔ شری وردھن مہسلہ تعلقہ میں بدھ کی رات سے طوفانی بارش کا سلسلہ شدید ہوگیا ہے۔ تیز ہواؤں کی سبب کلسوری کے پاٹل ہائی اسکول کی چھتیں اڑ گئیں۔ 
کہاں کیا صورتحال ہے؟
سہیادری کے گھاٹ رینج میں تیز بارش ہونے سے رائے گڑھ ضلع کی ندیوں کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کنڈلیکا، ساوتری، امبا ندیاں خطرے کی سطح کو عبور کر گئیں۔ مہاڈ، مہابلیشور، پولاد پور اور رائے گڑھ کی وادیاں شدید بارش کی زد میں ہیں۔ جس کی وجہ سے سیلابی پانی مہاڈ شہر کے سکٹ گلی، ناتے کھنڈ، مچھی مارکیٹ سمیت نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ کنڈلیکا ندی پچھلے دو دنوں سے مسلسل وارننگ لیول پر بہہ رہی تھی۔ جمعرات کی علی الصباح۲؍ بجے کے قریب اس نے خطرے کی سطح کو عبور کیا۔ اس کی وجہ سے کولاڈ، گوے، روہا شہروں کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا۔ امبا ندی بھی صبح سے ہی خطرے کی سطح کو عبور کر گئی۔ جس کی وجہ سے ناگوٹھنے شہر کے بس اسٹیشن، مچھلی بازار اورمارکیٹ کے علاقے میں سیلابی پانی داخل ہوگیا۔ لوناولا، کھنڈالہ کے علاقے میں مسلسل ہونے والی بارش کی سبب کھوپولی، کھالاپور، اپٹا کے علاقے میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ہے۔ یہاں سے بہنے والی پاتال گنگا ندی انتباہی سطح سے تجاوز کر جانے سے کھوپولی شہر کے نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: رائلٹی کوئی ٹیکس نہیں ہے، ریاستوں کو مائنز پر ٹیکس لگانے کا حق : سپریم کورٹ

اسکول، کالجز میں چھٹی
شدید بارش کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو تمام اسکولوں، کالجوں اور آنگن واڑیوں کیلئے چھٹی کا اعلان کر دیا تھا۔ آج (جمعہ کو) بھی اسکولوں و کالجوں کی چھٹی رہے گی۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں  کہا گیا ہے کہ طلبہ کو اسکول نہ بلائیں ، البتہ صدر مدرس، معاون معلم و معلمات اور غیر تدریسی عملہ اسکول میں حاضر رہے۔ 
مہا ڈ میں سیلاب کی صورتحال مزید سنگین!
مہاڈ شہر سمیت پورے دیہی علاقوں اور پولاد پور اور مہابلیشور علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے جمعرات کی صبح شہر میں سیلابی پانی داخل ہو گیا۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں سیلاب نے نظام زندگی کو متاثرکردیا ہے۔ راستو ں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہر کے پانچ مرکزی داخلی راستوں کو پولیس انتظامیہ نے ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ مہاڈ تعلقہ میں شیوتھر سے سمرتھ کے درمیان چھوٹا پل شدید بارش کی وجہ سے بہہ گیا۔ اس پل پر گزشتہ کئی سالوں سے ٹریفک بند ہے۔ رائے گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سومناتھ گھارگے نے بتایا کہ پل کے دونوں طرف کسانوں کی زمینوں کی وجہ سے پولیس نے پہلے ہی اس سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا تھا۔ 
ہائی وے زیر آب، لینڈسلائیڈنگ سےسڑک بند
 واکن پالی کے راستے پر سیلابی پانی آجانے کی وجہ سے اس روٹ پر گاڑیوں  کی آمدورفت کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔ تمھانی گھاٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پونے روٹ پر ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ شدید بارش کے سبب ضلع کے سیکڑوں گاؤ ں زیر آب ہیں۔ دکانوں اور مکانوں میں پانی داخل ہونے سے لاکھوں کا نقصان ہوا ہے۔ ندیوں نالوں کے کنارے آبادلوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ 
سماجی تنظیمیں اور کارکنا ن لوگوں  کی مدد کررہے ہیں 
 این ڈی ار ایف، ایس ڈی آر ایف، قدرتی آفات شعبہ کے افسران و کارکنان کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں نے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو راحت پہنچا نے کا کام شروع کر دیا ہے۔ 
چٹانیں کھسکنے سے سڑک آمدورفت کیلئے بند
 قلعہ رائے گڑھ کے راستے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ اسی طرح بدھ کی شب میں تمہانی گھاٹ میں ۳؍ مقامات پر چٹانیں کھسک گئی ہیں ۔ جس میں ۲؍ افراد دب گئے تھے جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ مان گاؤں اور پونے کے درمیان گھاٹ کے راستے پر چٹانیں گری ہیں۔ تمہانی، ورند اور مہابلیشور گھاٹوں کے بند ہونےسے پونے ستارا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ مہاڈ تعلقہ سے پونے اور ستارا کی طرف جانے والی سڑکیں موسلادھار بارش کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں۔ 
سیکڑوں گاڑیاں ممبئی گوا شاہراہ پر لگا دی گئیں 
 جمعرات کو جیسے ہی سیلاب مہاڈشہر میں داخل ہوا، شہر کے سیکڑوں گاڑی مالکان اپنی گاڑیوں کو ممبئی گوا شاہراہ پر محفوظ مقام پر لے آئے۔ یاد رہے کہ ۲۰۲۱ء میں مہا ڈ کے سیلاب میں ایس ٹی کارپوریشن کی۴۵؍ بسیں پانی میں ڈوب گئی تھیں، جس سے کافی نقصان ہوا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK