کانگریس لیڈر وجے وڈیٹی وار نے کہاکہ راج ٹھاکرے کو ان کی فائلیں دکھا کر بی جے پی کی حمایت پر مجبور کیا گیا۔
EPAPER
Updated: May 12, 2024, 11:15 AM IST | Agency | Pune
کانگریس لیڈر وجے وڈیٹی وار نے کہاکہ راج ٹھاکرے کو ان کی فائلیں دکھا کر بی جے پی کی حمایت پر مجبور کیا گیا۔
مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکر نے بارش کے سبب موخر ہونے والی اپنی ریلی کو منعقد کیا اور اپنے اوپر لگے دہرے معیار کے الزام کا جواب دینے کی کوشش کی۔ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے نے گزشتہ الیکشن میں مودی او امیت شاہ کا نام ہندوستانی سیاست سے مٹا دینے کی اپیل کی تھی جبکہ اب وہ مودی کیلئے بی جے پی کی حمایت کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ لہٰذا مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈران ان پر دہرے معیار کا الزام لگا رہے ہیں۔
اپنی تقریر میں راج ٹھاکرے نے کہا جس طرح شرد پوار نے کبھی سونیا گاندھی کے غیر ملکی ہونے کا معاملہ اٹھایا تھا اور ان کی مخالفت کی تھی۔ لیکن بعد میں ان کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی۔ اسی طرح مجھے بھی نریندر مودی سے کچھ شکایتیں تھیں جس کی وجہ سے میں نے کہا تھا کہ انہیں ہندوستانی سیاست سے بے دخل کر دینا چاہئے۔ لیکن انہوں نے کئی اچھے کام کئے ہیں جن کی حمایت ضروری ہے۔ اسی لئے اب میں ان کیلئے تشہیر کر رہا ہوں۔ کچھ سوالات اب بھی ہیں جو حل ہوجانے کی امید ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’میں اور ادھو بی جے پی کے آس پاس بھی نہیں جائیں گے‘‘
دوسری طرف سنیچر کو کانگریس لیڈر وجے وڈیٹی وار نے راج ٹھاکرے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے راج ٹھاکرے کو ان کی فائلیں دکھا کر اس بات پر مجبور کیا ہے کہ وہ بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں۔ وڈیٹی وار نے پوچھا کہ وہ تو نریندر مودی اور امیت شاہ کو سیاسی طور پر ختم کر دینا چاہتے تھے پھر اچانک انہیں بی جے پی سے اتنا لگائو کیسے ہو گیا؟ انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے کے اس بدلے ہوئے رخ کی عوام کتنی حمایت کریں گے یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔
شیوسینا( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے بھی راج ٹھاکرے پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ راج ٹھاکرے آج مہاراشٹر کے دشمنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چل رہے ہیں۔ انہیں مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔