• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’میں اور ادھو بی جے پی کے آس پاس بھی نہیں جائیں گے‘‘

Updated: May 12, 2024, 11:15 AM IST | Agency | Pune

این سی پی کے بانی شرد پوار نے کہا ’’ ملک کےعوام نے جب انگریزوں کو اقتدار سے بے دخل کر دیا تو مودی کیا چیز ہے ؟ ہم نریندر مودی کو حکومت سے باہر کرکے رہیں گے۔‘‘

Sharad Pawar vowed to topple Narendra Modi`s government. Photo: Agency
شرد پوار نے نریندر مودی کی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کیا۔ تصویر: ایجنسی

 وزیراعظم نریندر مودی کے بار بار متنازع بیانات کے بعد مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈران نے بھی سخت رویہ اختیار کر لیا ہے۔ شرد پوار نے سنیچر کو پونے میں واقع اپنے آبائی وطن بارامتی میں وزیراعظم کو جم کر تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اور ادھو ٹھاکرے کبھی بی جے پی کے ساتھ نہیں جائیں گے۔ ساتھ پوار نے الزام لگایا کہ وزیراعظم کے پاس عوام کو بتانے لائق ان کا کوئی کام نہیں ہے اس لئے وہ دوسروں پر تنقیدیں کرتے پھر رہے ہیں۔ 
  یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’’ شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کانگریس میں جانے کے بجائے این ڈی اے میں شامل ہو جائیں۔ ‘‘ وزیراعظم دراصل شرد پوار کے اس بیان پر طنز کر رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جلد ہی علاقائی پارٹیاں کانگریس میں ضم ہو جائیں گی۔ اب شرد پوار نے نریندر مودی پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہ ‘‘ نریندر مودی کے پاس کہنے کیلئے اب کچھ رہ نہیں گیا ہے۔ اس لئے اب وہ دوسروں پر تنقیدیں کر رہے ہیں۔ میں نے کہا تھا کہ گاندھی اور نہرو کے نظریات کو مضبوط کرنے کیلئے لوگ متحد ہورہے ہیں تو انہوں نے ( مودی نے) کہاکہ آپ ہمارے ساتھ آجائیے!‘‘ پوار نے کہا ’’ میں اور ادھو ٹھاکرے کبھی ان کے ساتھ نہیں جائیں گے۔ اس کے برعکس ہم انہیں اقتدار سے باہر کر دیں گے۔ ‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: نلیش سامبرے کی سمبھاجی بھڈے کیساتھ تصویر وائرل!

این سی پی کے بانی نے نریندر مودی پر الزام لگایا کہ ’’ اقتدار کا غلط استعمال ان کی خاصیت ہے۔ جمہوری طریقے سے( دوسروں کو) ملے ہوئے ووٹ انہیں برداشت نہیں ہوتے۔ ‘‘ پوار نے گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ عدالت نے اروند کیجریوال کو رہا کیا اس بات کی مجھے خوشی ہے۔ اس سے پہلے انل دیشمکھ اور سنجے رائوت کو وہ جیل میں ڈال چکے ہیں۔ وزیر داخلہ ( انل دیشمکھ) کو جیل میں ڈالنا کہاں تک مناسب ہے؟ یہ اقدامات دراصل ملک کے آمریت کی جانب بڑھنے کا اشارہ ہیں۔ 
 انگریزوں کو بے دخل کیا، مودی کیا چیز ہیں ؟
 معمر لیڈر نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’انگریزوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے ملک کے کروڑوں لوگ متحد ہو گئے تھے۔ اور بے دخل کر ہی دیا۔ جب انگریزوں سے اقتدار چھین لیا گیا تو مودی کیا چیز ہے؟ ‘‘ راہل گاندھی پر نریندر مودی کے حالیہ حملوں پر تنقید کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا ’’ راہل گاندھی نے مہاراشٹر کو دورہ کیا اس بات پر ہمیں فخر محسوس ہوتا ہے لیکن نریندر مودی انہیں ’شہزادہ ‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ ارے .... آپ ان کے کام پر تنقید کیجئے، ان کی تقریر پر تنقید کیجئے، ان کے نظریات پر تنقید کیجئے، ان کی ذاتیات پر کیوں تنقید کرتے ہیں ؟‘‘ شرد پوار نے یاد دلایا کہ ’’ راہل گاندھی کے والد نے اس ملک کیلئےاپنی جان قربان کر دی۔ اندرا گاندھی نے بھی قربانی دی۔ نہرو ملک کی خاطر جیل گئے۔ آپ ایسے لوگوں پر تنقید کرتے ہیں ؟‘‘ 
 یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل مہاراشٹر کا دورہ کر رہے ہیں اور جتنی بار وہ یہاں آئے اتنی بار انہوں نے شرد پوار یا ادھو ٹھاکرے پر تنقید کی ہے۔ حتیٰ کہ وہ شرد پوار کی پارٹی کو نقلی این سی پی اور ادھو ٹھاکرے کی پارٹی کو نقلی شیوسینا کہہ کر یاد کرتے ہیں۔ جبکہ ادھو ٹھاکرے کو وہ بال ٹھاکرے کا نقلی بیٹا تک کہہ چکے ہیں۔ اس کے سبب مہا وکاس اگھاڑی لیڈران میں ناراضگی ہے۔ شرد پوار کا کہنا ہے کہ نریند ر مودی نے اپنے دور حکومت میں کوئی کام ہیں نہیں کیا ہے اس لئے وہ تقریر کے بجائے تنقیدیں کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK