Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

راجستھان: الور میں چھاپے کے دوران شیر خوار بچی پولیس اہلکار کے پیروں تلے کچل کر ہلاک ہوگئی

Updated: March 04, 2025, 7:34 PM IST | Inquilab News Network | Jaipur

جب پولیس اہل خانہ کی شکایت پر توجہ دینے میں ناکام رہی تو مشتعل دیہاتیوں نے الور کے ایس پی (دیہی) کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو کر انصاف کا مطالبہ کیا اور مبینہ بربریت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

راجستھان کے الور ضلع کے ایک گاؤں میں پولیس چھاپے کے دوران، ایک ماہ کی شیر خوار علیسبا، مبینہ طور پر ایک پولیس افسر کے پیروں تلے کچل کر ہلاک ہوگئی۔ علیسبا کے والد اور پیشہ سے دیہاڑی مزدور عمران نے بتایا کہ اتوار کی صبح وہ اپنے ۲ بچوں کے ساتھ سو رہا تھا اور اس کی بیوی ان کی ایک ماہ کی بیٹی علیسبا کے ساتھ سو رہی تھی۔ علیسبا کمبل میں لپٹی ہوئی تھی۔ صبح ۶ بجے کے قریب پولیس پیشگی اطلاع دیئے بغیر ان کے گھر میں داخل ہوئی اور ایک افسر کے پیروں تلے کچلی گئی اور علیسبا ہلاک ہوگئی۔

مہلوک علیسبا کی والدہ رضیدہ خان نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ اتوار کی صبح پولیس والے اچانک ہمارے گھر پہنچ گئے۔ میں اپنی نوزائیدہ بیٹی کے ساتھ چارپائی پر سو رہی تھی۔ انہوں نے مجھے اُٹھایا اور کمرے سے باہر بھیج دیا۔ انہوں نے میرے شوہر کو بھی باہر نکال دیا۔ رضیدہ نے الزام لگایا کہ پولیس نے ان کی شیرخوار بیٹی کے سر کو اپنے پیر سے کچل کر قتل کردیا۔ یہ سراسر قتل ہے اور مجھے انصاف چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: جادو پور یونیورسٹی میں ٹی ایم سی کی طلبہ تنظیم اور ایس ایف آئی کے درمیان ہاتھاپائی

اطلاعات کے مطابق، نوگاؤں تھانہ علاقے کے تحت رگھوناتھ گڑھ گاؤں میں عمران خان کے گھر پر چھاپہ مارنے والی پولیس ٹیم کی قیادت ہیڈ کانسٹیبل گردھاری اور جگویر کے علاوہ کانسٹیبل سنیل، رشی اور شاہد کر رہے تھے۔ جب پولیس، اہل خانہ کی شکایت پر توجہ دینے میں ناکام رہی تو مشتعل دیہاتیوں نے الور کے ایس پی (دیہی) کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو کر انصاف کا مطالبہ کیا اور مبینہ بربریت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ علاقہ کے اے ایس پی تیج پال سنگھ نے تصدیق کی کہ نامعلوم پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور خان کے اہل خانہ کو خاطیوں کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا گیا ہے۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ملزمین کو الور کے ایس پی سنجیو نین نے پولیس لائن روانہ کردیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ سائبر کرائم کیس کے سلسلے میں پولیس کی جاری مہم کے ایک حصے کے طور پر چھاپہ مارا گیا تھا۔ تاہم عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا اور نہ ہی ان کا نام اب تک ایسے معاملات سے متعلق کسی ایف آئی آر میں درج ہے۔ عمران نے آن لائن فراڈ میں ملوث ہونے سے بھی انکار کیا اور الزام لگایا کہ پولیس نے چھاپے کے دوران اس کا موبائل فون چھین لیا۔

یہ بھی پڑھئے: یو اے ای: ۴؍ ماہ کے بچے کے مبینہ قتل میں یوپی کی خاتون شہزادی خان کو سزائے موت دی گئی

راجستھان کے حزب اختلاف کے لیڈر ٹیکا رام جولی نے وزیراعلیٰ بھجن لال شرما سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ الور میں پولیس سائبر فراڈ کے نام پر عوام کو پریشان کر رہی ہے۔ چھاپے مارے جا رہے ہیں، پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔ میں نے یہ مسئلہ ریاستی اسمبلی میں بھی اٹھایا۔ پولیس کے چھاپے کے دوران ایک شیر خوار بچی کی موت ہو گئی۔ وزیر اعلیٰ اس معاملہ کا نوٹس لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو ہراساں نہ کیا جائے۔ خاطیوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے لیکن عوام کو ہراساں نہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK