جلوس میں بجنے والے’بھیم گیت‘ پر اعتراض، پتھرائو کے سبب جلوس میں شامل مورتیوں کو بھی نقصان پہنچا، متعدد افراد کے خلاف معاملہ درج۔
EPAPER
Updated: February 09, 2025, 12:07 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon
جلوس میں بجنے والے’بھیم گیت‘ پر اعتراض، پتھرائو کے سبب جلوس میں شامل مورتیوں کو بھی نقصان پہنچا، متعدد افراد کے خلاف معاملہ درج۔
ضلع جلگائوں کے | بھساول تعلقہ میں واقع ورنگاؤں میں رمابائی (ڈاکٹر امبیڈکر کی اہلیہ) امبیڈکر کے یوم پیدائش پر نکالے گئے جلوس میں گانے بجانے کے تعلق سے معمولی جھگڑے کے بعد جلوس پر پتھرائو کا واقعہ پیش آیا ہے ۔پتھرائو میں ۸؍ افراد زخمی ہوئے ہیںنیزجلوس میں ٹرالی پر رکھ کر لے جائی جا رہی بابا صاحب امبیڈکر اوررمابائی کی مورتیوں کو بھی پتھر لگنے سے نقصان پہنچاہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ورنگائوںمیں ۷ ؍ فروری کو بابا صاحب امبیڈ کر کی اہلیہ رمابائی امبیڈ کر کا یوم پیدائش تھا ۔اسی مناسبت سے بہوجن سماج کے افراد نے جلوس نکالا تھا ۔جلوس میں سائونڈ سسٹم پر گانے بجائے جارہے تھے ۔ جب جلوس ورنگائوںکے الگ الگ راستوں سے گزرتا ہوا ، سدھیشور نگر میں گنپتی مندر کے پاس پہنچا تووہاں موجودچند افراد نے ساؤنڈ سسٹم آپریٹر آکاش نیمکرکو ٹرالی پر سے نیچے اتارا اور پوچھا کہ ’’تم شیواجی چوک میں بھیم گیت کیوں بجا رہے ہو؟‘‘ اس کے بعد گالیاں دے کر اسے مارنا پیٹنا شروع کر دیا ۔ اسی دوران جلوس میں موجود بھولا راما انگلےنامی نوجوان بیچ بچائو کرنے گیا تو کچھ لوگوں نے پورے جلوس پر پتھراؤ شروع کر دیا ۔ وہ کہہ رہے تھے’’ مہاروں کے گانےبند کرو،ہم سب کو دیکھتے ہیں ۔‘‘ پتھراؤ کے دوران ٹرالی پر رکھی گئی رمائی ماتا اور ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی مورتیوں کوبھی پتھر لگا اور انہیں نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھئے: ایکناتھ شندے اہم سرکاری ادارے سے باہر، چہ میگوئیاں جاری
یہ واقعہ شب ساڑھے ۹؍ کے آس پاس پیش آیا ۔پتھرائو میں انجنابائی گوتم جوہرے، درگا سنیل بھالے رائو، اتم بندو جوہرے ، اجے پرکاش بودڑے، پرکاش گوتم جوہرے، سنجیوانی پونم بچ اور آشیش بھالے رائو زخمی ہو گئے۔ ان کا علاج دیہی اسپتال ورنگاؤں میں چل رہا ہے۔اس معاملے میں آشا بائی کیلاش بی ہادے (۴۵) کی شکایت پر ورنگائوں پولیس نے نیلیش کالے، نیلیش پوار، کرشنا مالی، گوپال مالی، گوپال راجپوت کے علاوہ مزید ۱۰؍نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ اسکے علاوہ ایٹروسیٹی ایکٹ کے تحت بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر جناردن کھنڈیراؤ کی رہنمائی میں مزید تفتیش جاری ہے۔فی الحال علاقہ میں امن بر قرار ہے اور پولیس بندوبست سخت کر دیا گیا ہے۔