• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

رانچی: نپورشرما کے خلاف احتجاج کے معاملہ میں گرفتار ۳؍ افراد ضمانت پر رہا

Updated: August 17, 2024, 8:47 PM IST | New Delhi

دی اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں نپور شرما کے خلاف احتجاج کرنے والے تین مسلمان نوجوانوں کو رہائی دلوانے میں کامیابی حاصل کی۔ تنظیم کی کوششوں سے اب تک ۱۵؍ افراد رہائی پا چکے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دی اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) نے ۱۶ اگست کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں تین افراد کو ضمانت دلوائی جنہیں رانچی میں ۱۰ جون ۲۰۲۲ کو احتجاج کرنے کے سلسلے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ان تین افراد کو بی جے پی کی ترجمان نپور شرما کے خلاف احتجاج کرنے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ شرما نے ایک ٹیلی ویژن شو پر شان اقدسؐ میں گستاخی کی تھی جس کے خلاف پورے ملک میں احتجاج اور مظاہرے ہوئے تھے۔ مسلمانوں کی سخت مذمت پر نپور کو پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا۔ احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی تھی جس میں ۲ افراد مارے گئے تھے اور ۸ تا ۱۰ افراد پولیس فائرنگ میں زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد ۳۵ افراد کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیاگیا تھا۔ اور پولیس کے ذریعے ۱۰ ہزار ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: اقوام متحدہ نے جوہری تجربات پر ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کردینے کا مشورہ دیا

جھارکھنڈ پولیس نے انڈین پینل کوڈ کے سیکشن ۱۴۷، ۱۴۸، ۱۴۹، ۳۴۱، ۳۵۳، ۲۹۵ الف م، ۱۵۳الف، ۵۰۴، ۱۲۰ ب کے تحت ڈیلی مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کی تھی۔ دی اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس ان مقدمات میں گرفتار کئے گئے افراد کو قانونی امداد فراہم کررہی ہے۔ ایسوسی ایشن اب تک ۱۵ افراد کی ضمانت کروا چکی ہے۔ اے پی سی آر جھارکھنڈ کے صدر ایڈوکیٹ مختار خان اور ایڈوکیٹ طلعت پروین، جو گرفتار شدگان کی پیروی کررہے تھے، کا کیس سننے کے بعد جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں جسٹس راجیو شنکر نے تین افراد ایوب راجا خان، شاہد اختر اور محمد شہزاد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔

یہ بھی پڑھئے: پیرس اولمپکس سے لوٹنے کے بعد ونیش پھوگاٹ کا ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

اے پی سی آر کے جنرل سیکرٹری ندیم خان نے بیان دیا کہ ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس، بے گناہ ملزمین کو مفت قانونی امداد فراہم کرتی رہے گی تاکہ قانون کی حکمرانی برقرار رہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہندوستان کی مختلف عدالتوں میں زیر التوا سیکڑوں دیگر مقدمات کی سماعت کی جائے گی اور اسی طرح بے گناہوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جائے گا۔ اے پی سی آر جھارکھنڈ کے ریاستی سیکریٹری ضیاءاللہ نے کہا کہ ہم معصوم، کمزور اور مظلوم افراد کو انصاف دلانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ضیاءاللہ نے مزید کہا کہ اے پی سی آر کا ماننا ہے کہ ہر ملزم اس وقت تک بے قصور ہے جب تک جرم ثابت نہ ہو جائے اور "ضمانت ایک اصول ہے، جیل استثنیٰ ہے" جیسا کہ ہندوستان کی سپریم کورٹ نے راجستھان فیصلے میں اور بال چند کیس میں کہا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK