جماعت المسلمین شیوکھول کا وفد رتناگیری میونسپل کاؤنسل پہنچا، چیف آفیسر کو مکتوب سونپا گیا، کہا کہ مصروف سڑک پر قبضہ کر کے بازار لگایا جا رہا ہے۔
EPAPER
Updated: September 30, 2024, 1:36 PM IST | Siraj Shaikh | Ratnagiri
جماعت المسلمین شیوکھول کا وفد رتناگیری میونسپل کاؤنسل پہنچا، چیف آفیسر کو مکتوب سونپا گیا، کہا کہ مصروف سڑک پر قبضہ کر کے بازار لگایا جا رہا ہے۔
رتناگیری کے وارڈ نمبر۱۵؍ میں واقع راجیوڈا مچھلی بازار کے بڑھتے تجاوز کے خلاف عوامی سطح پر ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ اس کے خلاف احتجاج کا اشارہ دیا گیا ہے۔ شہریوں کا الزا م ہے کہ بازار کیلئے مصروف سڑک پر تجاوزات کئے جارہے ہیں، اس بازار کی وجہ سے مقامی شہریوں کو کافی پریشانی ہو رہی ہے اور وہاں سے راہگیروں کاگزرنا مشکل ہو رہا ہے۔ کیونکہ یہ کاروبار سڑک کے دونوں طرف ہو رہا ہے۔ اسکول کے بچوں، خواتین، بزرگ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بعض اوقات مچھلی فروشوں اور شہریوں کے درمیان زبانی جھڑپیں بھی ہوتی ہیں، دن بھر مچھلیاں فروخت ہونے سے علاقے میں گندگی اور تعفن پھیلا رہتا ہے۔ گندگی اور بد بو کے سبب یہاں کتے اور دیگر جانور گھومتے رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ناگپور ہوائی اڈے پر ادھو کےحامیوں کا نتیش رانے کیخلاف احتجاج
اتنا ہی نہیں علاقے میں مچھروں کی بہتات ہے، کئی بچوں اور بزرگ شہریوں کو یہاں بھٹکنے والے آوارہ کتوں نے کاٹا ہے۔ رتنا گیری میں کئی تجاوزات کو سٹی کونسل نے ہٹایا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ راجیوڑا ’مچھلی منڈی‘ بھی تجاوزکرکے لگائی جارہی ہے۔ باوجود اسکے میونسپل انتظامیہ کارروائی نہیں کررہا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کی جانب سے کئی بار سٹی کونسل کو تحریری شکایات کی گئی ہے۔ اس ضمن میں جماعت المسلمین شیوکھول کے سیکریٹری شکیل گوا نکر نے بتایا کہ اس مسئلے کے ضمن میں جماعت المسلمین شیوکھول راجیو ڈا اور شہریوں نے اس مچھلی بازار کی تصاویر کے ساتھ ایک میمو رنڈ م چیف افسر رتناگیری میونسپل کونسل کو جمع کرایا ہے۔ جس میں انتظامیہ کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر یکم اکتوبر تک اس مچھلی بازار کو اس جگہ سے نہیں ہٹایا گیا تو پھر ۲؍اکتوبر سے مقامی افراد احتجاج کریں گے۔ اس وفد میں جماعت المسلمین شیوکھول کے صدر مقصود ایس حسن قادری، نائب صدر تبریز علی مالونکر، شکیل گاونکر، محی الدین شیخ، امتیاز احمد سید، مناف قادری، تنویر جمعدار، نذیر قادری، ایس محمد قادری، ساجدہ بیجاپوری، اے رحمٰن بیجاپوری، عثمان مالونکر، اسلم گوانکر، مدثر بھا لدار، حسین میا قادری وغیرہ موجود تھے۔