رانے کو دیکھتے ہی شیوسینکوں نے جم کر نعرے بازی کی، پولیس نے پچھلے دروازے سے باہر نکالا۔
EPAPER
Updated: September 30, 2024, 1:30 PM IST | Ali Imran | Nagapur
رانے کو دیکھتے ہی شیوسینکوں نے جم کر نعرے بازی کی، پولیس نے پچھلے دروازے سے باہر نکالا۔
یہاں اتوار کو شیوسینا (یوبی ٹی) کےسربراہ ادھو ٹھاکرے اور بی جے پی کے رکن اسمبلی نتیش رانے ناگپور پہنچے۔ ہوائی اڈے پر دونوں ہی لیڈروں کے استقبال کیلئے ان کے حامی اور کارکن موجود تھے۔ اس دوران نتیش رانے کے ناگپور ہوائی اڈے پر اترتے ہی شیوسینکوں نےجم کر نعرے بازی کی۔ پولیس نے کشیدگی کم کرنے کیلئے رانے کو ایئرپورٹ کے پچھلے دروازے سے باہر نکال کر روانہ کردیا۔ واضح رہے کہ نتیش رانے اتوار ۲۹؍ستمبر کو امراوتی ضلع کے دورے پر ہیں اور اچل پور پرتواڑہ میں منعقدہ سکل ہندو سماج جن آکروش جلسے کیلئے ناگپور پہنچے۔ وہیں دوسری طرف ادھو ٹھاکرے کلمیشور میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کا افتتاح کرنے کے لیے ناگپور پہنچے۔
چونکہ نتیش رانے ادھو ٹھاکرے کے خلاف مسلسل بیان بازیاں کررہے ہیں اس لئے جیسے ہی ٹھاکرے گروپ کے کارکنوں کو معلوم ہوا کہ وہ ہوائی اڈے سے باہر آ رہے ہیں، انہوں نے رانے کے خلاف نعرے لگانے لگے۔ قابل ذکر ہے کہ رانے کے استقبال کیلئے صرف ۱۰؍ سے ۱۲؍ افراد باہر کھڑے تھے۔ ہوائی اڈے سے باہر نکلنے سے پہلے ہی پولیس نے انہیں روک کر رکھا۔ پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے رانے کو دوسرے راستے سے نکالا۔ لیکن شیوسینک وہاں بھی پہنچے اور نعرے لگانے لگے۔
یہ بھی پڑھئے:وزیراعظم مودی نے پونے میٹرواور دیگر پروجیکٹوں کا افتتاح ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کیا
پولیس نے کارکنوں کو روکنے کی کوشش کی ، یہاں دھکم پیل کے درمیان پولیس نے کسی طرح رانے کو کار تک پہنچایا۔ اس دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت میں نتیش رانے نے کہا کہ’’ میں ٹھاکرے گروپ پر تنقید کرتا رہوں گا۔ اب ان کے پاس صرف نعرے بازی کا کام رہ گیا ہے۔ ان کی اتنی ہی طاقت باقی ہے۔ بچی کچی شیو سینا بنٹی ببلی (سنجے راؤت، ادھو ٹھاکرے) کو خوش کرنے کیلئے نعرے بازی کر رہے ہیں۔ ‘‘
رانے کادورہ: اچلپور پرتواڑہ میں تناؤ
بی جے پی لیڈر نتیش رانے ۲۹؍ستمبر کو ضلع کے اچل پور-پراتواڑہ میں سکل ہندو سماج جن آکروش جلسے سے خطاب کریں گے۔ اطلاع کے مطابق نتیش رانے کے دورے پر اعتراضات کیے جارہے اور دونوں شہر کے مسلمانوں نے نتیش رانے کے اس دورے کی مخالفت کی ہے۔ اس ضمن میں پہلے پولیس نے بائیک ریلی اور جلسے کی اجازت نہیں دی تھی، اور کلکٹر نے ضلع میں دفعہ ۱۶۳؍ بی این ایس ایس نافذ کردی تھی۔ لیکن ریلی کا روٹ بدلنے کے بعد کلکٹر نے سنیچر کی رات کو جاری کردہ حکم نامہ واپس لے لیا اور ریلی اور جلسے کو بھی پولس نے اجازت دے دی ہے۔ اس پس منظر میں اتوار ۲۹؍ستمبر کو اچل پور میں بڑی تعداد میں پولس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ نتیش رانے اچل پورمیں سکل ہندو سماج مارچ میں شامل ہوں گےاورپرتواڑہ میں جلسہ کریں گے۔