• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۹؍ویں بار ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں

Updated: August 09, 2024, 1:07 PM IST | Agency | Mumbai

مانیٹری پالیسی کمیٹی کی تین روزہ میٹنگ کے بعد آر بی آئی نے ریپو ریٹ کو۶ء۵؍ فیصد پر جوں کاتوں رکھا ہے۔

RBI Governor Shakti Kant Das with his team at RBI headquarters. Photo: PTI
آربی آئی کے ہیڈ کوارٹرس میں آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس اپنی ٹیم کے ساتھ۔ تصویر :پی ٹی آئی

آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) نے ایک بار پھر ریپو ریٹ یعنی شرح سود میں کسی طرح کی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ نویں مرتبہ ہے جب ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ آر بی آئی نے ریپو ریٹ کو۶ء۵؍ فیصد پر جوں کا توں رکھا ہے۔ اس مطلب یہ ہے کہ قرض مہنگے نہیں ہوں گے اور اس میں کوئی کمی بھی نہیں  ہو گی۔  آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کی تین روزہ میٹنگ کے بعد جمعرات کو رواں مالی سال کی تیسری دو ماہی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے مانیٹری پالیسی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کے ۶؍ میں سے ۴؍ ارکان نے اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔ اس کے پیش نظر ریپو ریٹ کے ساتھ ہی تمام اہم پالیسی ریٹ جوں کے توں ہیں اورآزاد مانیٹری پالیسی کے موقف کو واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:شرح سود سے متعلق فیصلہ کاآج اعلان

اس بار شرح سود میں کم ازکم۰ء۲۵؍ فیصد تک کی کمی کی امید لگائے کاروباریوں کو ریزرو بینک کا فیصلہ راس نہیں آیا۔ اس لئے آر بی آئی گورنر کی تقریر شروع ہوتے ہی سینسیکس-نفٹی میں زبردست فروخت ہوئی، وہیں بعد میں خریداری کی وجہ سے یہ چڑھا لیکن پھر فروخت کے دباؤ میں آگیا۔ واضح رہے کہ آر بی آئی نے آخری مرتبہ فروری۲۰۲۳ء میں ریپو ریٹ ۰ء۲۵؍ فیصد بڑھا کر۶ء۵؍ فیصد کیا تھا۔ تب سے اس میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ تازہ فیصلہ مانیٹر پالیسی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد کئے گئے ہیں جو کہ۶؍ اگست سے جاری تھی۔ اس میٹنگ میں کئے جانے والے فیصلوں کی معلومات آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے جمعرات کو دی۔ یہ میٹنگ ہر دو ماہ میں ہوتی ہے۔ 
 آر بی آئی گورنر نے بتایا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی پر مبنی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ اکثریت سے کیا۔ دراصل آر بی آئی کی مانیٹر پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) میں ۶؍ اراکین ہیں۔ اس میں باہری اور آر بی آئی افسران دونوں شامل ہوتے ہیں۔ گورنر شکتی کانت داس کے ساتھ آر بی آئی کے افسر راجیو رنجن ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی شکل میں موجود ہیں اور مائیکل دیب برت پاترا ڈپٹی گورنر ہیں۔ ان تینوں کے علاوہ اس کمیٹی میں ششانک بھڑے، آشما گویل اور جینت آر ورما ہیں جو کہ غیر آر بی آئی افسر ہیں۔ 
  آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس کا کہنا ہے کہ مہنگائی کم ہو رہی ہے لیکن رفتار دھیمی اور غیر یکساں ہے۔ ہندوستان کی مہنگائی اور ترقی متوازن طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK