۱۵؍گھنٹوں تک بجلی نہ ہونے سےمکینوںنے گھرکے باہر رات گزاری۔ لوڈ بڑھنے سے مسئلہ ہوا۔
EPAPER
Updated: August 28, 2024, 5:01 PM IST | Saadat Khan | Madanpura
۱۵؍گھنٹوں تک بجلی نہ ہونے سےمکینوںنے گھرکے باہر رات گزاری۔ لوڈ بڑھنے سے مسئلہ ہوا۔
یہاں کے متعدد علاقوں میں گزشتہ کئی مہینوں سے بجلی سپلائی کا مسئلہ ہونے سے مکین پریشان ہیں۔ پیر کو آدم صدیق لین اور گھیلابائی اسٹریٹ میں صبح ۱۱؍ بجے سے رات ۳؍ بجے تک بجلی نہ ہونے سے مکینوں کو بڑی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ لوڈ بڑھنے سے یہ مسئلہ گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے ساتھ ہی بارش میں سڑک کھود کر کام کرنے کی اجازت نہ ہونے سےبھی بی ای ایس ٹی مسئلہ کو حل نہیں کر پا رہی ہے۔
پیرکو بجلی کامسئلہ حل کرنےکیلئے مقامی سماجی تنظیم ملاپ فائونڈیشن کے رضاکاروں نے بی ای ایس ٹی کےاہلکاروں کےساتھ مل کر جمپروائرکااستعمال کرکے بجلی بحال کرنےمیں مددکی تھی۔ آدم صدیق لین میں واقع جمیل مسجد کے رکن کفیل انصاری نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ بجلی کی آنکھ مچولی کا مسئلہ گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے۔ جس کی وجہ سے مصلیان اور مدرسہ میں پڑھائی کیلئے آنے والے بچوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔ سنیچر ۲۴؍ اگست کو بھی بجلی سپلائی منقطع تھی اور پیر کو عصر کی نماز کے بعد بجلی غائب ہونے سے جہاں مدرسہ کے بچوں کو چھٹی دینی پڑی وہیں مصلیان نے اندھیرے میں نماز ادا کی۔ بی ای ایس ٹی سےمتعدد مرتبہ شکایت کی جاچکی ہے مگر ابھی تک مسئلہ کاحل نہیں نکل سکا ہے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:اپوزیشن کے تیور سخت، شندے سرکار دفاع پر مجبور
مذکورہ علاقے میں واقع جنید منزل کے افتخار انصاری کے مطابق ’’ ۱۵؍سے ۲۰؍ دنوں سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ پیر کو ہماری بلڈنگ کی بجلی صبح ۱۱؍ بجے گل ہو کر رات ۳؍ بجے بحال ہوئی ۔ تقریباً ۱۵؍ گھنٹے بجلی نہ ہونے سےسخت پریشانی ہوئی۔ گھروں میں اندھیرا اور پنکھا بند ہونے سے بالخصو ص بچوں اور بزرگوں نے نصف شب بلڈنگ سے باہر گزاری۔ اس دوران بلڈنگ کے متعدد مکینوں نے بی ای ایس ٹی میں پچاسوں شکایتیں کیں لیکن کوئی اثر نہیں ہوا۔ ‘‘
مدنپورہ بیت کی چال کے فرید انصاری کے بقول’’ بجلی کی فراہمی میں آنے والی دشواریوں سے علاقے کے لوگ بہت پریشان ہیں۔ پیر کو انجمن مفید الیتمیٰ اور اقصیٰ منزل وغیرہ میں بجلی نہ ہونے سے گھنٹوں مکینوں نے اندھیرے میں گزارے۔ انجمن مفید الیتمیٰ میں اندھیرا ہونے سے بچوں کی پڑھائی کا نقصان ہوا۔ ‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ دو سے تین مہینوں سے مدنپورہ اور اطراف کے علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بی ای ایس ٹی کےایک اہلکارکے مطابق علاقے میں لوڈ بڑھنے سے یہ مسئلہ ہو رہا ہے جس کے حل کیلئے نئے۔ مضبوط اور طاقتور قسم کے کیبل کی ضرورت ہے لیکن بارش میں اس طرح کے کیبل بچھانے کی بی ایم سی اجازت نہیں دیتی ہے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو پا رہا ہے۔