Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

سدھیر چودھری کیخلاف سگاریکا گھوش نے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی

Updated: March 26, 2025, 1:08 PM IST | New Delhi

ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ نے وقفۂ صفر کے دوران دوردرشن اور سدھیر چودھری کے درمیان معاہدہ کا معاملہ اٹھایا، نیوز چینلوں کی سطحی سنسنی خیزی اور کردار کشی کے رجحان کی مذمت کرتے ہوئےدوردرشن کا معیار بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔

TMC MP Sagarika Ghosh addressing the House. Photo: Agency
ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سگاریکا گھوش ایوان سے خطاب کرتے ہوئے (تصویر: ایجنسی

 معروف صحافی اورترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ سگاریکاگھوش نے پارلیمنٹ میں صحافت کے گرتے معیار، ٹی آر پی کے لئے اخلاق سے گری ہوئی صحافت ، دوردرشن کے ساتھ سدھیر چودھری کے معاہدہ اور نفرت کی صحافت پر کھل کر آواز بلند کی ۔ انہوں نے وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے اپنی تقریر میں کہا کہ ٹی وی نیوز کا کاروباری ماڈل ناکام ہو چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ ٹیلی ویژن نیوز چینل کردار کشی اور انتقامی مہم میں ملوث ہو رہے ہیں۔  انہوں نے سرکاری نشریاتی ادارے دوردرشن کی جانب سے معروف اینکر سدھیر چودھری کے ساتھ معاہدے پر بھی سوال اٹھایا۔ اگرچہ  انہوںنے اپنی تقریر میں  سدھیرچودھری کا براہ راست نام نہیں لیا تاہم بعد میں انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی تقریر کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’’ آج پارلیمنٹ میں، میں نے سدھیر چودھری اور ٹی وی نیوز  پر نفرت اور جھوٹ کی فیکٹری کو بے نقاب کیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: چلچلاتی دھوپ میں دواؤں کی ڈیلیوری کا کام کرنے کے باوجود روزہ نہیں چھوٹتا

پارلیمنٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے گھوش نے دوردرشن کی بہتری کے  لئے اصلاحات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی میڈیا ٹیکنالوجی دنیا کو سمیٹ رہی ہیں۔ ہندوستان کی متنوع  جمہوریت بین الاقوامی سطح پر اس کی منفرد پہچان ہے اور اس کی تشہیر عالمی سطح پر ہونی چا ہئے لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب ہمارا قومی نشریاتی ادارہ دوردرشن حقیقی معنوں میں عالمی معیار کا بننے کی کوشش کرے۔دوردرشن یہ کام کرسکتا ہے لیکن اس کے  لئے اسے جدید ترین مواد اور غیر جانبدار  انتظامیہ کی ضرورت ہے۔تاہم انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ افسوسناک بات یہ ہے کہ ایسی خبریں آرہی ہیں کہ دوردرشن نے ایک ایسے ’ شخص‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جو ٹی وی پر نفرت انگیز اور اشتعال انگیز زبان استعمال کرتا ہے، ایک فرقے کے خلاف نفرت پھیلانے میں پیش پیش ہے اور مجرمانہ الزامات کے تحت دو بار جیل جا چکا ہے۔یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ دوردرشن نے اس شخص کے ادارے کے ساتھ ۱۵؍ کروڑ روپے کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت سدھیر چودھری دوردرشن پر ہفتہ وار شو پیش کریں گے۔
سگاریکا گھوش نے کافی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ۳۵؍ سال سے صحافی ہوں اور یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ آج ٹیلی ویژن نیوز میں کس طرح سطحی سنسنی خیزی اور کردار کشی کا رجحان پروان چڑھ رہا ہے۔ اس کی وجہ سے صحافت اب صحافت نہیں رہ گئی صرف ٹی آر پی کا کھیل بن گئی ہے جو ملک کی جمہوریت کیلئے بھی نقصاندہ ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK