Updated: May 15, 2024, 5:44 PM IST
| Thiruvananthapuram
سی پی ایم، سی پی آئی اور کانگریس نے بیک زبان مذمت کی ۔ملیالم فلموں کے سپر اسٹار مموٹی(محمد کٹّی )کے خلاف سنگھ پریوار نے آن لائن مہم چلارکھی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پزو ‘ برہمنوں کے خلاف تھی اور مموٹی نے مسلمان ہونے کی وجہ سے اس میں کام کیا تھا اور برہمنوں کی توہین کی تھی۔
مموٹی فلم ’’پزو‘‘ کے ایک منظر میں۔ تصویر: آئی این این
ملیالم فلموں کے سپر اسٹار مموٹی(محمد کٹّی )کے خلاف سنگھ پریوار نے آن لائن مہم چلارکھی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پزو ‘ برہمنوں کے خلاف تھی اور مموٹی نے مسلمان ہونے کی وجہ سے اس میں کام کیا تھا اور برہمنوں کی توہین کی تھی۔ اس آن لائن مہم کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کیرالا کی پوری سیاست اور سماجی تنظیموں مموٹی کی حمایت میں آگئی ہیں۔ کیرالا حکومت کی جانب سے متعدد وزراءنے سنگھ پریوار کی اس مہم کی شدید مذمت کی ہے جبکہ کیرالا کانگریس کے سینئر لیڈران نے بھی بی جے پی اور سنگھ پریوار کو ایسی حرکتوں سے باز آجانے کو کہا ہے۔ یہ مہم سنگھ پریوار کو چلانے کا موقع یوں ملا کہ فلم کی نوجوان ڈائریکٹر رتھینا پی ٹی کے شوہر نے ایک آن لائن ملیالم میگزین کو انٹر ویو دیتے ہوئے یہ بچکانہ دعویٰ کردیا کہ فلم پزو برہمنوں کے خلاف تھی اور مموٹی نے اس میں کام کرکے برہمنوں کے ساتھ ساتھ ملیالم شہریوں کی بھی توہین کی ہے۔ انہیں اس پر معافی مانگنی چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ: نیوز کلک کے بانی پربیر پرکیاستھا کی فوری رہائی کا حکم، گرفتاری غیرقانونی
اس کے جواب میں سی پی ایم کے سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر تعلیم وی سیوان کٹّی نے فیس بک پر پوسٹ ڈال کرمموٹی کی کھل کر حمایت کی اور کہا کہ ’’ مموٹی ملیالم فلموں کے سپر اسٹار ہی نہیں بلکہ کیرالا کا فخر ہیں۔ وہ پوری دنیا میں ہماری ریاست کی اہم شناخت ہیں۔ ساتھ ہی نہایت نیک دل انسان ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی قابل احترام اداکار ہیں۔ ان کی اہمیت صرف ملیالم فلموں میں ہی نہیں بلکہ دیگر فلم انڈسٹریز میں بھی ہے لیکن سنگھ پریوار کے لوگ اپنی اوچھی اور گری ہوئی سیاست سے باز نہیں آئیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ معمولی سیاسی فائدے کے لئے اس طرح کی حرکتیں بند کردیں ورنہ انہیں عوام بہت جلد سبق سکھادیں گے۔ ‘‘سی پی آئی لیڈر وزیر محصولات کے راجن نے بھی مموٹی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان پر پورے کیرالا کو فخر ہے۔ سنگھ پریوار والے یا بی جے پی والوں کو کیرالا کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہے۔ اس لئے وہ خاموش ہی رہیں تو بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئے ایک ایک ووٹر کا بوتھ سینٹرز پہنچنا ضروری ہے‘
انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار کو ہر اس نام سے نفرت ہے جو مسلمان ہے۔ اسی لئے وہ ماضی میں بھی ایسی مہم چلاچکے ہیں اور اب بھی وہی کوشش کررہے ہیں۔ انہیں منہ توڑ جواب دیا جانا چاہئے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹر ی کے سی وینو گوپال نے بھی اسی طرح کا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیرالا کا سیکولر اور تعلیم یافتہ سماج کیرالا کا فخر کہلانے والے قابل احترام اداکار مموٹی کے خلاف سنگھ پریوار کے کسی بھی پروپیگنڈ ے کو قبول نہیں کرے گا۔