Inquilab Logo

بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دلاناپارٹی کی سیاسی قرار داد میں شامل ہے: سنجے جھا

Updated: July 05, 2024, 10:58 AM IST | Javed Akhtar | Patna

جے ڈی یو کے کارگزار صدر نے کہا کہ مرکزسے اگلے پانچ سال میں اتنی مدد ملے گی کہ بہار کا شمار ترقی یافتہ ریاستوں میں ہوگا، یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو ۲۰۱۰ء سے بھی زائد سیٹیں ملیں گی۔

JDU National Working President Sanjay Jha. Photo: INN
جے ڈی یو کے کارگزار قومی صدر سنجے جھا۔ تصویر : آئی این این

جے ڈی یو کے راجیہ سبھا رکن اورپارٹی کے قومی کارگزار صدر سنجے جھا نے جمعرات کو ایک بار پھر اپنی پارٹی کے ایجنڈے کے تحت بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیے جانے کی بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ اس کے لئے مرکزی حکومت سے بات چیت شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی اس معاملے کو اٹھایا گیا تھا اور اس پر جلدفیصلہ کیاجائے گا۔ سنجے جھا نے کہا کہ خصوصی ریاست کے درجہ اور خصوصی پیکیج کے سلسلے میں  گزشتہ دنوں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے ملاقات کے دوران بھی مختصر بات چیت ہوئی تھی۔ نرملا سیتارمن نے فوری طور پر خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ آئندہ پانچ سال میں مرکزی حکومت سے اتنی مدد ملے گی کہ بہار کا شمار ترقی یافتہ ریاستوں میں ہوگا۔ 
واضح ہوکہ سنجے جھا کو بی جے پی کاقریبی مانا جاتا ہے۔ بہار میں نتیش کمار کو مہاگٹھ بندھن سے الگ کرکے بی جے پی کےساتھ حکومت بنانے میں ان کا اہم رول سمجھاجاتاہے۔ سنجے جھا نےجے ڈی یو کا قومی کارگزارصدر بنائے جانے پر کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد پارٹی کی بہار کے علاوہ ملک بھر میں توسیع کرنا اور اسے مضبوط بناناہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نتیش جی کے کام کاج کو اور بہار ماڈل کو دیگر ریاستوں میں لے کر جائیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’عوام نے بی جے پی کو۴۴۰؍ وولٹ کا جھٹکا دیا ہے‘‘

سنجے جھا نے کہا کہ ان کی توجہ تین ریاستوں پر خصوصی طور پر ہوگی۔ یوپی، دہلی اور جھارکھنڈ میں پارٹی کومضبوط بنانے کے لیے وہ کام کریں گے۔ جھارکھنڈ میں پہلے ہی سے جے ڈی یو کی بنیاد مضبو ط ہے لیکن اب وہاں پارٹی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے جھارکھنڈ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے میدان میں اترنے کا اشارہ بھی دیا۔ اس دوران سنجے جھا نے بہار اسمبلی انتخابات ۲۰۲۵ءمیں ۲۰۱۰ءسے بھی بڑی جیت کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ابھی سے ہی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کے بھروسے کو مضبوط بناناہے۔ 
ذات پر مبنی سروے رپورٹ کے بعد ریاست میں ریزرویشن کی حد ۶۵؍فیصد کیے جانے کے بہار حکومت کے فیصلے کو پٹنہ ہائی کورٹ کےذریعہ منسوخ کرنے کے سوال پر سنجے جھا نے کہا کہ ہم لوگ پہلے ہی اس معاملے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر چکے ہیں۔ واضح ہوکہ ۲۹؍جون کو نئی دہلی میں جے ڈی یو کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں پارٹی کا قومی کارگزار صدر بنائے جانے کے بعد سنجے جھا پہلی بار جمعرات کو پٹنہ پہنچے تھے۔ پٹنہ ایئر پورٹ پر پارٹی کارکنان نے ان کا پرزور استقبال کیا۔ اس کے بعدوہ جے ڈی یو دفتر پہنچے جہاں ان کا استقبال ہوا۔ اسی موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور اپنے مقاصد بالکل واضح کردئیے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK